خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع کو رواں موسم سرما کے دوران حساس قرار دے دیا گیا، جن میں اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، بونیر، سوات، اپر کوہستان اور لوئر کوہستان شامل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں موسم سرما میں بالائی اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث شدید برفباری کی صورت میں متعدد علاقوں کی سڑکیں بند ہونے اور آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موسم سرما کا جامع حفاظتی منصوبہ تیار کرلیا ہے، جبکہ برفباری اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے پیشگی انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران عوام کے تحفظ اور ضرورت کے وقت بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر اپنی تیاری مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے الرٹ رہیں۔