لاہور کے مسلمان شہریوں کا وہ خط جس نے رنجیت سنگھ کو پنجاب کا حکمران بنایا

جب 18 سالہ رنجیت سنگھ لاہور کی جانب بڑھ رہے تھے تو کسی کے تصور میں بھی نہیں تھا کہ یہی نوجوان چند برس بعد ایک ایسی سلطنت کا حکمران بنے گا جس کا دارالحکومت لاہور ہو گا اور جو کشمیر سے لے کر صحرائے تھر اور خیبر سے دریائے ستلج تک پھیلی ہو گی۔
Portrait of Maharaja Ranjit Singh
Getty Images
’رنجیت سنگھ کو اپنی زندگی میں آنے والی بااثر خواتین رشتہ داروں کی سرپرستی حاصل نہ ہوتی تو ممکن ہے کہ والد کی وفات کے بعد اُن کا اقتدار ختم ہو جاتا‘

چند اہم لوگوں کی جانب سے ایک خط موصول ہونے کے بعد، چھ جولائی 1799 کو 18 سالہ رنجیت سنگھ لاہور کی جانب بڑھ رہے تھے۔

اُس وقت شاید کسی کے تصور میں بھی نہیں تھا کہ یہی نوجوان چند برس بعد ایک ایسی سلطنت کا حکمران بنے گا جس کا دارالحکومت لاہور ہو گا اور جو کشمیر سے لے کر صحرائے تھر اور خیبر سے دریائے ستلج تک پھیلی ہو گی۔

رنجیت سنگھ 13 نومبر 1780 اِسی لاہور شہر کے شمال میں واقع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے۔

صدیوں تک برصغیر پر حکمرانی کرنے والی مغل سلطنت پر زوال آتا دیکھ کر مختلف مقامی اور علاقائی طاقتیں ابھرنے لگیں تو پنجاب میں بھی 14 نیم خودمختار مثلیں قائم ہو گئیں۔

اِن 14 نیم خودمختار مثلوں میں سے 12 پر سکھ حکمران تھے، جن میں رنجیت سنگھ کے والد کی ’سُکرچکیا مثل‘ بھیشامل تھی۔ سُکرچکیا مثل میں گوجرانوالہ کا قصبہ اور اِس کے نواحی دیہات شامل تھے۔

سنہ 1792 میں والد کی وفات کے وقت رنجیت سنگھ صرف 12 برس کے تھے۔

یونیورسٹی آف الاباما میں تاریخ کے استاد میتھیو لاک ووڈ کے مطابق سکرچکیا مثل کے اس کمسن وارث کا قد چھوٹا تھا، بائیں آنکھ کی بینائی جا چکی تھی اور چہرہ چیچک کے داغوں سے بھرا ہوا تھا۔

’بظاہر وہ اس شخص کے طور پر سامنے آنے کی کوئی خاص صلاحیت نہیں رکھتے تھے جو آگے چل کر ایک عظیم سلطنت کی بنیاد رکھتا۔‘

’ہسٹری ایکسٹرا‘ کے لیے اپنے مضمون میں میتھیو لکھتے ہیں کہ اگر رنجیت سنگھ کو یکے بعد دیگرے اُن کی زندگی میں آنے والی بااثر خواتین رشتہ داروں کی سرپرستی حاصل نہ ہوتی تو ممکن ہے کہ والد کی وفات کے بعد اُن کا اقتدار بھی ختم ہو جاتا۔

’ابتدا میں اُن کی والدہ راج کور نے بحیثیت نگرانِ حکومت اور مشیر اُن کی رہنمائی کی۔ سنہ 1796 میں رنجیت کی شادی کنہیا مثل کے حکمران کی بیٹی مہتاب کور سے ہوئی، لیکن اس کے بعد بھی رنجیت کی زندگی میں اُن کی والدہ کا کردار برقرار رہا۔‘

’سنہ 1798 میں والدہ کی وفات کے بعد رنجیت سنگھ نے اپنی ساس رانی سدا کور سے رہنمائی حاصل کی، جو خود کنہیا مثل کی حکمران تھیں اور ایک سکھ جنگجو سردار کی تمام تر خصوصیات رکھتی تھیں۔‘

’اِس سے ایک سال پہلے رنجیت سنگھ نے اُس وقت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا شروع کر دیا تھا جب انھوں نے افغان درانی سلطنت کے حکمران زمان شاہ کے حملے کو پسپا کرنے کے لیے ایک فوج کی قیادت کی۔ سنہ 1798 میں افغانوں کے خلاف مزید فتوحات نے پنجاب کے ایک نمایاں فوجی کمان دار کے طور پر اُن کی بڑھتی ہوئی شہرت کو مزید مستحکم کیا۔‘

لاہور کے تین حکمران

Runjeet Singh's Tomb and the Great Mosque at Lahore, 1858-61.
Getty Images
’لاہور شہر کی فصیل کے اندر تقریباً نصف آبادی اپنے گھر بار چھوڑ چکی ہے اور بہت سی گلیاں اور محلے ویران ہو گئے ہیں‘

اُس زمانے میں لاہور پر تین حکمرانوں، لہنا سنگھ، گوجر سنگھ اور سوبھا سنگھ کی مشترکہ حکومت تھی۔

سید محمد لطیف اپنی کتاب ’تاریخِ پنجاب‘ میں لکھتے ہیں کہ اِن حکمرانوں کے ظلم سے تنگ آئے لاہور کے لوگوں نےایک عرض داشت تیار کی، جس پر حکیم حاکم رائے، میاں عاشق محمد، میاں محکم دین، محمد باقر، محمد طاہر، مفتی محمد مکرم، میر شادی اور شہر کے دیگر سرکردہ شہریوں نے دستخط کیے۔

رنجیت سنگھ کے نام اس خط میں انھوں نے لکھا کہ لاہور کے تینوں حکمرانوں کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک کے باعث شہر میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، شہر کی حفاظت کے لیے جو تھوڑی بہت فوج رکھی گئی ہے، وہ بھی ناکافی ہے اور نتیجتاً شہری ظلم و ستم کا شکار ہیں اور انتظامیہ سے سخت نالاں ہیں۔

خط میں مزید لکھا گیا کہ ’شہر کے مضافاتی علاقے تباہ و برباد ہو چکے ہیں۔ کوئی گھر ایسا نہیں بچا جس کی چھت، شہتیر اور کڑیاں یا تو جلا نہ دی گئی ہوں یا حکمرانوں کے کارندے اکھاڑ کر نہ لے گئے ہوں۔ شہر کی فصیل کے اندر بھی تقریباً نصف آبادی اپنے گھر بار چھوڑ چکی ہے اور بہت سی گلیاں اور محلے ویران ہو گئے ہیں۔‘

’حکمرانوں کو ہر وقت شراب نوشی اور عیش و عشرت کی عادت ہے اور وہ اکثر نیم بے ہوشی کی حالت میں رہتےہیں۔ اپنی ان عیاشیوں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہشہریوں کو لوٹتے ہیں۔‘

رنجیت سنگھ کو لاہور آنے کی دعوت

Street Scene, Lahore
Getty Images
لاہور شہر کی گلی کا منظر

سید محمد لطیف کے مطابق ان حالات میں لاہور کے شہریوں نے سکرچکیا مثل کے سردار رنجیت سنگھ کو شہر آ کر انتظام سنبھالنے کی دعوت دی۔ اس مقصد کے لیے ایک وفد رسول نگر (رام نگر) پہنچا، جہاں رنجیت سنگھ مقیم تھے۔

شہریوں نے رنجیت کی ساس اور کنہیا مثل کی حکمران سدا کور کو بھی خط لکھ کر اس مہم میں تعاون کی درخواست کی۔

’رنجیت سنگھ نے اپنے نمائندے قاضی عبدالرحمٰن کو لاہور بھیجا تاکہ وہ میاں عاشق محمد، میاں محکم دیناور دیگر بااثر مسلمان شہریوں سے مذاکرات کریں۔ ابتدائی بات چیت میں طے پایا کہ رنجیت سنگھ کی آمد پر شہر کا ایک دروازہ ان کے لیے کھول دیا جائے گا۔‘

’اس کے بعد رنجیت سنگھ نے فوج جمع کی اور سدا کور سے مشورے کے لیے بٹالہ پہنچے۔ سدا کور بھی اپنے لشکر کے ساتھ ان سے آ ملیں۔ رنجیت سنگھ کی قیادت میں لشکر پہلے امرتسر روانہ ہوا۔ وہاں سے انھوں نے لاہور کی جانب پیش قدمی کی۔ اُن کے ساتھ تقریباً پانچ ہزار سپاہی تھے، جن میں بڑی تعداد دوسرے لشکروں سے الگ ہو کر ان کے ساتھ شامل ہونے والوں کی تھی۔‘

سید محمد لطیف کے مطابق، رنجیت سنگھ نے لاہور پر چڑھائی کے دوران نواب وزیر خان کی بارہ دری (موجودہ پنجاب پبلک لائبریری) میں قیام کیا اور فوج کو انارکلی میں موجودہ سرکاری ڈاک خانے کی جگہ ٹھہرایا۔

’ان کی آمد کی اطلاع پر لاہور کے تین سرداروں نے شہر کے دفاع کی تیاری کی۔ صرف دہلی، لاہوری اور روشنائی دروازے کھلے تھے، باقی دروازے اینٹوں سے بند کر دیے گئے تھے۔ میاں عاشق محمد اور میاں محکم دین نے رنجیت سنگھ کو پیغام بھیجا کہ ان کے پُرامن داخلے کے لیے خضری اور یکی دروازوں کے درمیان فصیل میں شگاف کر دیا گیا ہے، لیکن انھوں نے اس پیشکش کو ممکنہ سازش سمجھتے ہوئے باقاعدہ دروازے سے فاتحانہ داخلے کا فیصلہ کیا۔‘

’ابتدائی مزاحمت میں شہر سے نکلنے والے تقریباً 200 مسلح افراد کو شکست ہوئی اور پانچ مارے گئے۔ بعد ازاں خفیہ مذاکرات میں طے پایا کہصبح آٹھ بجے رنجیت سنگھ کی آمد پر لاہوری دروازہ کھول دیا جائے گا۔ چنانچہ وہ اپنے ایک ہزار منتخب سپاہیوں کے ساتھ مقررہ وقت پر پہنچے، دروازہ کھولا گیا اور وہ شہر میں داخل ہو گئے۔ ان کے باقی فوجیوں نے بھی فوراً اندر پہنچ کر شہر کی فصیل پر قبضہ کر لیا۔‘

چیت سنگھ کی مزاحمت اور قلعے کا محاصرہ

سید محمد لطیف لکھتے ہیں کہ رنجیت سنگھ کی آمد سے بے خبر حکمرانوں میں سےایک، چیت سنگھنے حضوری باغ کے دروازے پر رنجیت سنگھ کے گھڑ سواروں کا راستہ روکنے کی کوشش کی، تاہم حملہ آوروں نے دروازہ بند کرنے والے محافظوں کو ہلاک کر دیا اور قلعے میں داخل ہونے کا راستہ بنا لیا۔

’چیت سنگھ قلعے میں محصور ہو گئے، جبکہ لاہور کے باقی دونوں سردار شہر سے فرار ہو گئے۔ رنجیت سنگھ نے قلعے پر فائرنگ شروع کر دی، جس کا اندر سے بھرپور جواب دیا گیا۔ یہ لڑائی 20 گھنٹے جاری رہی۔ انھوں نے قلعے کا محاصرہ کرنے کا ارادہ کیا، لیکن سدا کور نے انھیں مشورہ دیا کہ محصور فوج کے پاس خوراک نہیں اور بیرونی رابطہ بھی منقطع ہے، اس لیے وہ جلد ہتھیار ڈال دے گی۔ اُن کا اندازہ درست ثابت ہوا۔‘

سید محمد لطیف کے مطابق چیت سنگھ نے بحفاظت شہر سے نکلنے اور خاندان کی کفالت کے لیے وظیفے کی شرط پر ہتھیار ڈال دیے۔ رنجیت سنگھ نے انھیں ایک بڑی جاگیر عطا کی اور فوج کو شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی ہدایت کی، جبکہ لوٹ مار اور بدسلوکی پر سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔

’ابتدا میں خوف کے باعث تاجروں نے دکانیں بند کر دیں، لیکن رنجیت سنگھ کی یقین دہانیوں کے بعد کاروبار بحال ہو گیا۔ انھوں نے رعایا کے تحفظ اور امن و امان کی ضمانت دی، جب کہ کاریگروں کو قلعے میں موجود ناکارہ اسلحہ اور فوجی سازوسامان مرمت کے لیے دے کر روزگار فراہم کیا۔ نتیجتاً چند ہی روز میں شہر کی رونقیں لوٹ آئیں۔‘

انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا کے لیے مصنف خوشونت سنگھکی تحقیق ہے کہ سنہ 1799 میں لاہور کی فتح کے بعد افغان بادشاہ زمان شاہ نے رنجیت سنگھ کو لاہور کا گورنر تسلیم کر لیا تھا، لیکن سنہ 1801 میں رنجیت سنگھ نے خود کو پنجاب کا مہاراجا قرار دے دیا۔ انھوں نے سکھوں کے مقدس پیشواؤں، یعنی گروؤں، کے نام سے سکے جاری کیے۔

’اگلے ہی سال انھوں نے امرتسر فتح کر لیا، جو شمالی ہندوستان کی اہم ترین تجارتی منڈی اور سکھوں کا مقدس شہر تھا۔ اس کے بعد انھوں نے پنجاب میں پھیلی چھوٹی سکھ اور افغان ریاستوں کو زیرِنگیں کرنا شروع کر دیا۔ سنہ 1807 میں رنجیت سنگھ نے شمال مغرب کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے قصور کی واحد مسلم مثل کو فتح کر لیا۔‘

’تاہم، مشرق کی جانب ان کی مزید پیش قدمی انگریزوں نے روک دی۔ سنہ 1806 میں اُن کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت رنجیت سنگھ نے پنجاب میں پناہ لینے والے مرہٹہ لشکر کو نکالنے پر اتفاق کیا۔ انگریزوں نے دہلی کے نواح تک پھیلے تمام سکھ علاقوں کو متحد کرنے کی ان کی خواہش بھی ناکام بنا دی۔‘

’بالآخر 1809 میں انھیں معاہدۂ امرتسر پر دستخط کرنا پڑے، جس کے تحت دریائے ستلج کو ان کی سلطنت کی مشرقی سرحد قرار دیا گیا۔‘

سلطنت کی توسیع اور بعد کے حالات

Ranjit Singh
Getty Images

اس کے بعد رنجیت سنگھ نے اپنی توجہ دوسرے علاقوں کی جانب مرکوز کر دی۔

برٹانیکا میں لکھا ہے کہ دسمبر 1809 میں انھوں نے کوہِ ہمالیہ کے زیریں سلسلے میں واقع کانگڑا کے راجا سنسار چند کی مدد کے لیے فوج بھیجی۔ گورکھا فوج کو شکست دینے کے بعد انھوں نے کانگڑا اپنے قبضے میں لے لیا۔

’سنہ 1813میں وہ کشمیر پر افغان بارکزئیوں کی مہم میں شریک ہوئے۔ بارکزئیوں نے کشمیر اپنے پاس رکھ کر ان سے وعدہ خلافی کی، لیکن رنجیت سنگھ نے افغان معزول بادشاہ زمان شاہ کے بھائی شاہ شجاع کو بازیاب کروا کے اور دریائے سندھ پر واقع اٹک کا قلعہ قبضے میں لے کر اس کا بدلہ چکا دیا۔ شاہ شجاع کو لاہور لایا گیا، جہاں ان سےکوہِ نور ہیرا حاصل کر لیا گیا۔‘

’سنہ 1818 کے موسمِ گرما میں رنجیت سنگھ کی فوج نے ملتان فتح کر لیا، جب کہ چھ ماہ بعد پشاور میں بھی داخل ہو گئی۔ جولائی 1819 میں انھوں نے بالآخر افغانوں کو وادیٔ کشمیر سے نکال دیا۔ سنہ 1820 تک دریائے ستلج اور دریائے سندھ کے درمیان پورے پنجاب پر ان کی حکمرانی مستحکم ہو چکی تھی۔‘

پتونت سنگھ اپنی کتاب ’ایمپائرآف دی سکھس: دی لائف اینڈ ٹائمز آف مہاراجا رنجیت سنگھ‘ میں لکھتے ہیں کہ رنجیت سنگھ ایک ایسی کثیرالقومی اور کثیرالمذہبی سلطنت کے حکمران تھے جہاں مذہبی رواداری اور شمولیت کو غیرمعمولی اہمیت حاصل تھی۔

’فوج میں سکھوں کے علاوہ ہندو، مسلمان اور یورپی مسیحی بھی شامل تھے۔ ان یورپی فوجیوں میں فرانسیسی، ہسپانوی، پولش، روسی اور پروشیائی شامل تھے، البتہ انگریزوں کو اس سے دور رکھا گیا۔‘

’اُن کا انتظامی ڈھانچا بھی اسی تنوع کی عکاسی کرتا تھا۔ وزیراعظم ڈوگرا راجپوت، وزیرِ خزانہ برہمن اور وزیرِ خارجہ مسلمان تھے۔‘

’انھوں نے ایک غیرمعمولی سلطنت قائم کی، جس کی سرحدیں ہندوستان سے آگے کابل اور تبت کی سرحدوں تک پھیلی ہوئی تھیں۔ انھوں نے اپنی سلطنت کے جنوب میں انگریزوں کو 40 برس تک پیش قدمی سے روکے رکھا اور درۂ خیبر بھی بند کر دیا، جہاں سے صدیوں تک حملہ آور ہندوستان میں داخل ہو کر لوٹ مار کرتے رہے تھے۔‘

پتونت کے مطابق اپنے عروج کے زمانے میں اُن کے 15 رکنی وزارتی دربار میں صرف سات سکھ تھے، جبکہ باقی ہندو اور مسلمان تھے۔ اس کے علاوہ جین، بدھ اور مسیحی مذاہب سمیت دیگر مذہبی برادریوں اور ان کے مختلف فرقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی ان کی صلاحیتوں کے مطابق ذمہ داریاں دی گئیں۔

برطانوی مصنف سر لیپل گرفن نے اپنی کتاب ’رولرزآف انڈیا: رنجیت سنگھ‘ میں لکھا ہے کہ ’رنجیت سنگھ نہ ظالم تھے اور نہ خون آشام۔‘

’فتح کے بعد یا کسی قلعے پر قبضے کے بعد وہ مغلوبین کے ساتھ نہایت نرمی اور مہربانی سے پیش آتے تھے، خواہ انھوں نے کتنی ہی سخت مزاحمت کیوں نہ کی ہو۔ ان کے دربار میں ایسے بہت سے سردار موجود تھے جن کی جاگیریں ضبط کر لی گئی تھیں، لیکن انھیں مناسب عہدے اور روزگار فراہم کیے گئے تھے۔‘

سرکاری زبان فارسی

پتونت کے مطابق رنجیت سنگھ نے کم عمری ہی میں گورمکھی سیکھی اور سکھ مذہب کے عقائد، اخلاقیات اور تعلیمات سے واقفیت حاصل کی۔

انھیں پنجابی میں شاعری کا شوق تھا، لیکن انھوں نے لاہور دربار کی سرکاری زبان فارسی مقرر کی۔ انھیں فارسی کے ساتھ ساتھ اردو، کشمیری، سندھی اور دوسری علاقائی زبانوں میں بھی دلچسپی تھی۔

خوشونت سنگھکی تحقیق ہے کہ اکتوبر1831 میں رنجیت سنگھ نے سندھ کے مستقبل کے بارے میں برطانوی حکام سے مذاکرات کیے۔ انگریز دریائے سندھ میں جہاز رانی شروع کر چکے تھے اور صوبے پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتے تھے۔ بالآخر انھوں نے رنجیت سنگھ کو اپنے منصوبے سے اتفاق کرنے پر آمادہ کر لیا۔

’تاہم، اپنے گرد برطانوی حصار قائم کرنے کی اس حکمت عملی پر رنجیت سنگھ کو سخت مایوسی ہوئی۔ انھوں نے افغانوں سے مذاکرات شروع کیے اور ڈوگرا کمانڈر زورآور سنگھ کی قیادت میں ایک فوجی مہم کی منظوری دی، جس کے نتیجے میں 1834 میں لداخ بھی ان کی شمالی سلطنت کا حصہ بن گیا۔‘

’سنہ 1838میں انھوں نے برطانوی وائسرائے لارڈ آکلینڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا، جس کے تحت شاہ شجاع کو کابل کے تخت پر بحال کیا جانا تھا۔ اس معاہدے کے تحت برطانوی فوج جنوب سے افغانستان میں داخل ہوئی، جبکہ رنجیت سنگھ کی فوج نے درۂ خیبر عبور کیا اور کابل میں فتح کی تقریب میں شرکت کی۔‘

اس کے کچھ ہی عرصے بعد رنجیت سنگھبیمار ہو گئے اور جون 1839 میں لاہور میں وفات پا گئے، یعنی فاتح کی حیثیت سے لاہور میں قدم رکھنے کے تقریباً ٹھیک 40 سال بعد ۔

ان کی وفات کے صرف چھ برس بعد باہمی اقتدار کی کشمکش اور حریف سرداروں کی اندرونی لڑائیوں کے باعث ان کی قائم کردہ سکھ سلطنت کا شیرازہ بکھر گیا۔

خوشونت سنگھکے مطابق رنجیت سنگھ ایک ہزار سال کے عرصے میں پہلے ہندوستانی حکمران تھے جنھوں نے ہندوستان پر روایتی طور پر حملہ آور ہونے والے پٹھانوں (افغانوں) کے علاقوں میں جوابی پیش قدمی کر کے حملوں کا رخ موڑ دیا۔ اسی وجہ سے وہ ’شیرِ پنجاب‘ کے لقب سے مشہور ہوئے۔

رنجیت سنگھ کی ناکامیاں

میتھیو کے مطابق، برصغیر میں بدامنی اور تصادم کے ماحول کے باوجود رنجیت سنگھ کی سلطنت استحکام، خوش حالی اور مذہبی رواداری کا نمایاں مرکز تھی، تاہم ان کے دور میں کئی خامیاں بھی موجود تھیں۔

’فوجی اخراجات میں اضافے کے برعکس بنیادی ڈھانچے کی ترقی نظرانداز ہوئی اور مغلوں سے ورثے میں ملنے والے جاگیرداری محاصل کے استحصالی نظام میں اصلاحات نہ کی جا سکیں۔‘

’اس نظام کے تحت زمیندار مقررہ خراج سے زائد وصولی اپنے پاس رکھتے تھے، جس سے کسانوں کا استحصال اور حکمران اشرافیہ میں کشمکش بڑھتی رہی، جو رنجیت سنگھ کی وفات کے بعد کھلی لڑائیوں میں بدل گئی۔‘

’شاید ان کی سب سے بڑی ناکامی یہ تھی کہ وہ ایسا نظامِ حکومت تشکیل نہ دے سکے جو ان کی شخصی قوتِ ارادی اور اقتدار کے بغیر بھی برقرار رہ سکتا۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US