پنجاب حکومت نے مریم نواز راشن کارڈ پروگرام کے تحت نومبر کی قسط جاری کردی، جس کے تحت صوبے بھر کے رجسٹرڈ محنت کشوں کے اکاؤنٹس میں 3 ارب 57 کروڑ روپے کی سبسڈی منتقل کی گئی ہے۔
پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (پیسی) کے مطابق راشن کارڈ پروگرام سے صوبے بھر میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ محنت کش مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ ہر رجسٹرڈ محنت کش کو ماہانہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
پیسی حکام کے مطابق پروگرام کے آغاز سے اب تک 46 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کی جا چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ لیبر اور سوشل سیکیورٹی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور انہیں مالی ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔