خان یونس: اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سینئر کمانڈر ہلاک

image

غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سینئر کمانڈر سمیر ابو یونس ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے علاقے المواسی میں فضائی کارروائی کے دوران حماس کے ایک اہم کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد القسام بریگیڈز نے سمیر محمود ابو یونس، المعروف ابو محمود، کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال کے مطابق امدادی کارکنوں نے حملے کے مقام سے 53 سالہ سمیر ابو یونس کی لاش نکال لی، جبکہ واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

القسام بریگیڈز کے بیان کے مطابق سمیر ابو یونس تنظیم کی جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے 1991 میں القسام بریگیڈز میں شمولیت اختیار کی اور تنظیم میں شامل ہونے والے ابتدائی ارکان میں شمار ہوتے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US