’ماننا پڑے گا کہ پاکستان نے بہترین انتخاب کیا‘: انڈیا میں مصدق ملک کی ’غالب ڈپلومیسی‘ کا چرچا

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کے وفاقی وزیر مصدق ملک نئی دلی پہنچے تو انڈیا میں سیاسی بحث چھڑ گئی۔ کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ انڈین حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو دعوت دینا اس کی ذمہ داری ہے۔

’سیاست کبھی بھی ادب، شاعری، موسیقی، ثقافت، کھانوں، فیشن اور زبان پر ہمارے مشترکہ فخر کو ہم سے چھین نہیں سکتی۔ کہنا پڑے گا کہ پاکستان نے اپنی نمائندگی کے لیے بہترین انتخاب کیا ہے۔‘

یہ کہنا ہے کہ انڈین صحافی اور مصنف غزالہ وہاب کا جو تین برسوں میں انڈیا کا دورہ پہلے پاکستانی وزیر مصدق ملک کی ایک ویڈیو پر تبصرہ کر رہی تھیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے (سولائزیشن ڈائیلاگ فورم) میں شرکت کے لیے دلی میں موجود ہیں۔

سنیچر کے روز کانفرنس کے دوران ان کے خطاب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی رہی۔

’کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیان اور‘

ایس سی او سولائزیشن ڈائیلاگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا ’بڑا عجیب سا لگا کہ چند کوس دور غالب کے مقبرے سے یہاں بیٹھ کر میں انگریزی میں بات کر رہا ہوں۔‘

’جی میں یہی سمایا کہ آج آپ سے اپنے دل کی آواز اردو میں بات کروں۔‘

مصدق ملک نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اور کیسی عجیب سی بات ہے کہ غالب، جن کے دادا حضور سمر قند سے تشریف لائے تھے، یہاں نظام الدین آپ کے پہلو میں ان کی تدفین ہے، اور غالب جو اپنے آپ کو فارسی کا بہت بڑا شاعر جانتے تھے، ان کو پوری دنیا اردو کی وجہ سے پہچانتی ہے آج۔‘

’اور دلّی کا آپ مزاح دیکھیے کہ غالب فارسی، فارسی کرتے رہے، اور دلی نے یہ کہا کہ 'ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے، کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیان اور۔‘

انھوں نے کہ یہی جذبہ لے کر وہ آج یہاں آئے ہیں۔ ’آوازیں تو بہت سی ہیں، بہت سے شعرا ہیں، دلّی تو گڑھ رہا ہے شاعری کا۔ لکھنؤ بھی، دلّی بھی، لاہور بھی، یہ تو گڑھ ہیں شاعری کے، ادب کے، تہذیب مگر غالب کا ہے اندازِ بیان اور۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب یہاں جو اکٹھے ہوئے ہیں، سب اپنی، اپنی آواز لے کر آئے ہیں۔ سب اپنی، اپنی شناخت لے کر آئے ہیں۔‘

’پر کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیان اور‘

مصدق ملک کی غالب ڈپلومیسی کا چرچا

نئی دہلی میں ہونے والے تہذیبی مکالمے کے دوران مصدق ملک کی تقریر اور ان کے اندازِ بیان پر سوشل میڈیا پر پاکستانی اور انڈین صارفین دونوں ہی تعریف کر رہے ہیں۔

انڈین صحافی اور مصنف غزالہ وہاب لکھتی ہیں کہ 'سیاست کبھی بھی ادب، شاعری، موسیقی، ثقافت، کھانوں، فیشن اور زبان پر ہمارے مشترکہ فخر کو ہم سے چھین نہیں سکتی۔ کہنا پڑے گا کہ پاکستان نے اپنی نمائندگی کے لیے بہترین انتخاب کیا ہے۔'

'یہ کہنا پڑے گا کہ پاکستان نے اپنا نمائندہ اچھا چُنا ہے۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ڈاکٹر مصدق ملک کو مرزا غالب کی قبر پر جانے دیجیے۔ انھیں حضرت نظام الدین درگاہ جانے دیجیے۔ انھیں یہ دیکھنے دیجیے کہ دہلی صرف غالب ہی کا نہیں، بلکہ امیر خسرو کا بھی شہر ہے۔

'انھیں اس شہر کو دریافت کرنے دیجیے جس کے بارے میں میر تقی میر نے لکھا تھا: دِلّی کے نہ تھے کوچے، اوراقِ مصور تھے۔۔۔

جو شکل نظر آئی، تصویر نظر آئی

آخر اس میں مسئلہ ہی کیا ہے؟'

انکت کمار اوستھی ایکس پر لکھتے ہیں کہ 'ایس سی او سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی آنے والے پاکستان کے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے غالب ڈپلومیسی کی ایک جھلک دکھائی ہے۔

راجیش شکلا نامی صارف مصدق ملک کی جانب سے 'دہلی، لکھنؤ اور لاہور، کو شاعری، ثقافت' کے مراکز کہنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ 'غالب کے شہر دہلی میں آپ کی دل موہ لینے والی تقریر سن کر بے اختیار داد دینی پڑتی ہے۔'

پاکستان کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی مصدق ملک کی تقریر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ 'مصدق ملک نے تو محفل لوٹ لی'۔

Pakistan
Getty Images

اس سے قبل گذشتہ مصدق ملک کے پہلے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے دلی میں موجودگی پر حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس پاکستانی وزیر کے انڈیا کے دورے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

مصدق ملک جمعے کو اس اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے، جہاں پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور اور انڈیا کی وزارتِ ثقافت کے ایک ڈائریکٹر اور وزارتِ خارجہ کے متعلقہ اہلکار نے اُن کا استقبال کیا۔

وہ 2023 کے بعد انڈیا کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے وفاقی وزیر ہیں۔ اس سے قبل سنہ 2023 میں اُس وقتپاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا آئے تھے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس نے مصدق ملک کے دورے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے مودی حکومت پر پاکستان کے معاملے میں نرمی برتنے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ ایس سی او کے رکن ملک ہونے کے باعث پاکستان کو شرکت کی دعوت دینا اس کی ذمہ داری تھی۔

20 نومبر کو شروع ہونے والی یہ کانفرنس 22 نومبر تک جاری رہے گی۔

کانفرنس سے قبل کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ ’مودی حکومت کی دعوت پر پاکستان کے وزیر مصدق ملک انڈیا آ گئے ہیں۔

’مصدق انڈیا کو مسلسل دھمکاتے رہے ہیں۔ کبھی ہاتھ کاٹنے کی دھمکی دیتے ہیں تو کبھی خون بہانے کی۔

’ایک طرف پاکستان ہمارے ملک میں دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہا ہے، انڈین شہریوں کو مار رہا ہے، دوسری جانب مودی حکومت انڈیا سے نفرت کرنے والے پاکستانی وزیر کی آؤ بھگت میں لگی ہے۔ بریانی اور کباب کھلانے کی تیاری ہے۔

’جب تک پاکستان دہشت گردی پوری طرح ختم نہیں کرتا، اس سے کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہیے۔ یہ ملک اور اس کے شہریوں کے ساتھ غداری ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا بارہا یہ الزامات لگا چکا ہے کہ پاکستان اس کی سرزمین پر شدت پسندی کے واقعات میں ملوث رہا ہے، جبکہ پاکستان ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

پاکستان بھی انڈیا پر یہ الزام عائد کرتا ہے کہ وہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں شورش کو ہوا دے رہا ہے۔ لیکن انڈیا بھی اس الزام کو رد کرتا ہے۔

دوسری جانب انڈین حکومت نے کانفرنس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دینے کا دفاع کیا ہے۔

انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ ایس سی او کے تحت ایک کثیرالملکی فورم ہے، جس میں تمام رکن ممالک، مبصر ریاستوں اور ڈائیلاگ پارٹنرز کو مدعو کیا گیا ہے۔‘

کانگریس کا سخت ردِعمل

کانگریس نے اس معاملے پر حکومت کو منظم انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس کی جانب سے ایک ساتھ کئی بڑے رہنماؤں کے بیان سامنے آئےہیں۔

پارٹی کی سینیئر ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام برقرار ہے لیکن مودی حکومت اس کے نمائندوں کا خیرمقدم کر رہی ہے۔

انھوں نے سوال کیا: ’آپ کا کام انڈیا مخالف پاکستان کے بغیر کیوں نہیں چلتا؟‘

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کار اندرانی باگچی کہتی ہیں: ’کانگریس وہی کر رہی ہے جو کبھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اس کے ساتھ کیا کرتی تھی۔ اس سے دونوں سیاسی جماعتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا۔

’کچھ دنوں میں ریاستی انتخابات ہونے والے ہیں تو اس طرح کے بیانات میں مزید شدت آ‏ئے گی۔ یہ ہماری سیاست کا ایک پہلو ہے۔‘

18 نومبر کو شکاگو یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں ایک پاکستانی طالب علم کے سوال کے جواب میں کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی پاکستان پر لگائے جانے والے ان الزامات کا حوالہ دیا تھا کہ ’پاکستان انڈیا میں دہشت گردی کی اعانت اور حمایت کرتا ہے۔‘

راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ان الزامات کے ہوتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آغاز ممکن نہیں۔

اندرانی باگچی کے مطابق پاکستان کے معاملے پر کانگریس اور بی جے پی کے مؤقف میں کافی حد تک مماثلت آ چکی ہے اور دونوں جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کو مذاکرات کے لیے بنیادی شرط قرار دیتی ہیں۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں ممالک کے نمائندے کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے سے رابطہ نہیں رکھتے۔ ان کے بقول ایس سی او جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے اجلاسوں میں رابطے معمول کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم پاکستان کا موضوع انڈین داخلی سیاست میں ہمیشہ نمایاں رہتا ہے۔

’یہ کباب بریانی کا محاورہ کبھی بی جے پی نے استعمال کیا تھا، اب کانگریس بی جے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ پاکستان کا جب بھی نام آتا ہے، سیاسی جماعتیں اسے اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔‘

مصدق ملک کی آمد پر سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے۔

ایک صحافی راہل شیو شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’کیا انڈیا پاکستان کے پراپیگنڈہ کا پلیٹ فارم بنے گا۔ اس بات کا غالب امکان ہے کہ ایس سی او کی میٹنگ کے دوران جب وہ یہاں ہوں گے تو کچھ چنیدہ صحافیوں کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے گی۔‘

سیولائزیشنل ڈائیلاگ (تہذیبی مکالمہ) کیا ہے؟

سیولائزیشنل ڈائیلاگ کا تصور انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیش کیا تھا۔ اس کا مقصد مختلف تہذیبوں کے درمیان تصادم کے بجائے مکالمے، مفاہمت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

کانفرنس کے افتتاح کے لیے دلی کے تاریخی پرانا قلعہ کا انتخاب کیا گیا، جسے مغل بادشاہ شاہ جہاں ںے تعمیر کرایا تھا۔ اس مقام کو تاریخی اور تہذیبی تنوع کی علامت سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہاں مختلف ادوار کے آثار دریافت ہو چکے ہیں۔

انڈیا کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس موقع پر کہا کہ تہذیبی موضوعات پر دونوں ممالک میں اختلاف کی گنجائش کم ہے۔

’پاکستان کی ثقافت اور تہذیب کا ارتقا ہم سے مختلف نہیں ہے۔ انھیں ہم سے الگ ہوئے 100 سال بھی نہیں ہوئے، ان کا ارتقا بھی ہمارے ساتھ ہی ہوا ہے۔‘

کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ ’تہذیبوں اور ثقافتوں پر کثیرالجہتی مکالمے کا یہ ایک شاندار موقع ہے۔

’ثقافتیں اور تہذیبیں سرحدوں سے ماورا ہوتی ہیں، اس لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ ہم یہاں اپنی تاریخ، جغرافیے، ثقافتوں اور تہذیبوں پر گفتگو کر رہے ہیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اس طرح کے رابطوں سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں بہتری آنے کا امکان ہے، تو انھوں نے کہا: ’مجھے یقین ہے کہ ہمارے تمام تعلقات بہتر ہوں گے۔ آپ جانتے ہیں کہ خطہ اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور جغرافیائی سیاست کے بنیادی خدوخال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔

’مجھے امید ہے کہ ہم وسیع تناظر میں معاملات کو دیکھیں گے اور جغرافیائی سیاست، غربت اور دیگر تمام مسائل پر بات چیت کے ذریعے خطے کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔‘

تاہم مصدق ملک کی آمد سے پیدا ہونے والی سیاسی ہلچل نے کانفرنس کے اصل موضوع سے زیادہ توجہ پاکستانی وزیر کے دورے پر مرکوز کر دی ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US