گندم کی درآمد کے باوجود مختلف شہروں میں 20 کلو کا تھیلا 3 ہزار 600 روپے تک پہنچ گیا

image

گندم درآمد کیے جانے کے باوجود ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جس کے تحت کراچی، اسلام آباد، حیدرآباد اور بنوں میں نرخ بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ دستاویزات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 334 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں 20 کلو کا تھیلا 100 روپے، اسلام آباد میں 106 روپے 67 پیسے، حیدرآباد میں 240 روپے اور بنوں میں 200 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 ہزار 600 روپے کی سطح پر جا پہنچا ہے۔

اسی طرح پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 250 روپے اضافے کے ساتھ 3 ہزار 550 روپے جبکہ راولپنڈی میں 66 روپے 66 پیسے مہنگا ہو کر 3 ہزار 533 روپے 33 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US