وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ امدادی اداروں کو باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ریسکیو آپریشن جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے واضح ہدایت کی ہے کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور بھاری مشینری کو فوری طور پر بروئے کار لایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
مزید برآں، سید مراد علی شاہ نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی تاکید کی ہے اور اس سلسلے میں قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور تمام تر ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی ہے، جبکہ انتظامیہ سے واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔