وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے بلوچ کالونی بلاک 4 میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہلاک اور زخمی افراد کے اہلِ خانہ سے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایس بی سی اے نے عمارت کے مالکان کو نوٹس جاری کیے تھے تاہم بلڈنگ کے مالکان نے عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیا اور اسٹے آرڈر ہونے کے باوجود عمارت کی تعمیر جاری رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے گی کہ رہائشی پلاٹ پر کمرشل عمارت کی تعمیر کی اجازت کس نے دی، جبکہ واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیر بلدیات سندھ نے واضح کیا کہ بلڈر، دیگر ذمہ داران اور محکمے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ انہوں نے ڈی جی ایس بی سی اے کو ہدایت جاری کی ہے کہ غفلت اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برخاست کیا جائے۔