پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا، پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے انسانی خلائی مشن شین ژو-24 کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے۔ ذیشان علی پہلے پاکستانی ہیں جنہیں خلا کا سفر کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
شین ژو-24 مشن چین اور پاکستان کے خلائی تعاون کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، جس میں محمد ذیشان علی کو پے لوڈ ماہر اور سائنسی ماہر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔ وہ تقریباً ایک ہفتے تک خلا میں قیام کریں گے اور سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
مشن کی قیادت چینی خلاباز تانگ ہونگبو کر رہے ہیں، جبکہ تین رکنی عملے میں محمد ذیشان علی اور وو یی بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے پہلے خلا باز، 40 سالہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی 22 اگست 1986ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان ایئر فورس کے تجربہ کار فائٹر پائلٹ ہیں اور ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ وہ شادی شدہ اور تین بیٹیوں کے والد ہیں۔
سپارکو اور چینی خلائی ادارے کے معاہدے کے تحت اپریل 2026ء میں سخت طبی و تکنیکی مراحل کے بعد منتخب ہونے والے ذیشان علی نے چین کے ایسٹروناٹ سینٹر میں ایک سال کی کٹھن تربیت محض سات ماہ کے ریکارڈ وقت میں مکمل کی۔
دورانِ تربیت انہوں نے پاکستانی اور چینی ثقافت و شاعری سے تحریک حاصل کی اور چینی زبان بھی سیکھی، جس کی بدولت وہ اپنے چینی ساتھیوں سے باآسانی گفتگو کرسکتے ہیں۔ وہ چینی مشن ’شینژو-24‘ میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شریک ہوکر خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چینی خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
خلائی مشن کی روانگی سے قبل ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان اور چین کے پرچم لہرائے گئے۔ محمد ذیشان علی سمیت تینوں خلابازوں نے ہاتھ ہلا کر شرکاء کے خیرمقدمی نعروں کا جواب دیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ لمحہ پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، سی پیک کے بعد چین کے ساتھ خلائی تعاون کا خواب بھی حقیقت بن گیا ہے۔