پاکستان اور چین کا توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں توانائی، تیل و گیس، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے سرکاری سطح پر ایل پی جی پلانٹ، اسٹوریج اور ٹرمینل کی سہولیات کے قیام سمیت موٹر گیسولین (پیٹرول) کی درآمد کے منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر کے ہمراہ ایڈیشنل سیکریٹری پالیسی ظفر عباس اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد احمد چیمہ بھی موجود تھے، جبکہ چینی سفیر کے ہمراہ چینی سفارت خانے کی کمرشل ٹیم نے شرکت کی۔

مذاکرات میں پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش، آف شور منصوبوں، معدنیات کی تلاش، کان کنی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں چینی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ بلوچستان میں معدنی وسائل سے استفادے اور سمندری حدود میں تیل و گیس کے نئے مواقع پر خصوصی توجہ دی گئی۔

فریقین نے پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور پی ایس او کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے پیٹرولیم ذخیرہ کرنے، ٹرمینلز اور دیگر ڈاؤن اسٹریم منصوبوں کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس سلسلے میں او جی ڈی سی ایل سمیت پاکستان کی بڑی توانائی کمپنیوں اور چینی اداروں کے درمیان تجارتی شراکت داری کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات، ڈی ریگولیشن، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور درآمد و برآمد کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں فراہم کرنے، ان کی سرمایہ کاری کے تحفظ اور کاروبار کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے توانائی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، چین کی جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت پاکستان کے وسائل کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے لیے طویل المدتی معاشی فوائد کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا، جو مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لے گی، سرمایہ کاری کے طریقہ کار اور شراکت داری کے امکانات کا تعین کرے گی اور منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین توانائی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم نے پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے خلائی مشن شین ژو 24 میں تاریخی شرکت پر مبارک باد بھی دی۔ انہوں نے اسے پاکستان اور چین کی دوستی اور سائنسی و تکنیکی تعاون کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US