کراچی میں عمارت گرنے کا واقعہ: میئر سٹی کا جائے حادثہ کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ

image

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت کے انہدام کے مقام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ریسکیو آپریشن کا معائنہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنا ہے، جس کے لیے متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کی خاطر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کے میونسپل سروسز سمیت تمام متعلقہ محکمے آپریشن مکمل ہونے تک جائے وقوع پر موجود رہیں گے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جبکہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US