میٹا کمپنی نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر ایک غیر معمولی رقم خرچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سال میٹا 145 ارب ڈالر خرچ کرے گی اور اس رقم کا بڑا حصہ اس ٹیکنالوجی پر صرف کیا جائے گا۔
میٹا کا اے آئی ایجنٹ ’میوز‘ آج برطانیہ میں متعارف کروایا جا رہا ہے، اور میں نے اِس کے اجرا سے قبل ایک ہفتہ اسے استعمال کرتے ہوئے گزارا ہے۔
اے آئی ایجنٹس ایسے نظام ہوتے ہیں جو صرف سوالات کے جواب نہیں دیتے بلکہ آپ کی جانب سے دیے گئے مختلف کام بھی سرانجام دے سکتے ہیں۔
میٹا نے ’میوز‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ’انرجی کی سستی ڈیل تلاش کرنے‘ یا ’سکول کے کیلنڈر کو ترتیب دینے‘ جیسے کام کر سکتا ہے۔
اور یہ درست ہے کہ میوز نے میری زندگی کے معاملات چلانے میں مدد کی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی اس نے میری رازداری کی حدود کو بھی چیلنج کیا اور مجھے بعض نہایت غیر آرام دہ تجربات سے بھی گزرنا پڑا۔
میٹا کے لیے میوز کی کارکردگی بے حد اہمیت رکھتی ہے۔
میٹا کمپنی نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر ایک غیر معمولی رقم خرچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سال میٹا 145 ارب ڈالر خرچ کرے گی اور اس رقم کا بڑا حصہ اس ٹیکنالوجی پر صرف کیا جائے گا۔
اس سرمایہ کاری کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال پہلے سے کہیں زیادہ بڑھائیں، اور میٹا کو امید ہے کہ میوز اے آئی ایجنٹس کے لیے وہی کردار ادا کرے گا جو واٹس ایپ نے میسجنگ کے لیے کیا تھا، یعنی جلد ہی یہ اربوں افراد کی اولین پسند بن جائے گا اور میٹا کو اے آئی انقلاب کے صفِ اول میں لے آئے گا۔
تاہم معاملہ صرف صارفین کی رائے تک محدود نہیں ہے۔ ریگولیٹرز بھی ان سامنے آنے والے نئے ٹولز پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
برطانیہ کے انفارمیشن کمشنر آفس نے میوز کے اجرا کے موقع پر کہا کہ ’ایجنٹک اے آئی میں لوگوں اور کاروباروں دونوں کو فائدہ پہنچانے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔‘
تاہم انفارمیشن آفس کے چیف ایگزیکٹو پال آرنلڈ نے کہا کہ ادارے نے ’میوز کے اجرا سے قبل میٹا کو ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق قوانین کے تحت اس کی ذمہ داریوں کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے، خاص طور پر اس تقاضے کے بارے میں کہ صارفین اور عوام بامعنی انداز میں سمجھ سکیں اور کنٹرول کر سکیں کہ میوز میں اُن کے ذاتی ڈیٹا کو کس طرح استعمال کیا جائے گا۔‘
میوز کیسے کام کرتا ہے؟
میوز خود کو 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہر فرد کے لیے دستیاب ایک ذاتی اے آئی ایجنٹ کے طور پر پیش کرتا ہے۔
میٹا میں اے آئی مصنوعات کے نائب صدر ڈیوڈ سنگلٹن کے مطابق ’یہ صرف سوالات کے جواب نہیں دیتا، بلکہ حقیقت میں آپ کی جانب سے کام بھی انجام دیتا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ لوگوں کو اپنے معاملات منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ آپ کے کاموں اور منصوبوں کا بوجھ کم کرنے میں معاونت کرتا ہے اور ساتھ ہی آپ کے طویل المدتی اہداف کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔‘
اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اسے کوئی کام سونپ سکتے ہیں، مثلاً چھٹیوں کو بہتر انداز میں گزارنے کے لیے مخصوص آپشنز تلاش کرنا، اور پھر جب آپ اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہو جائیں تو یہ پس منظر میں آپ کی جانب سے دیے گئے کام پر لگا رہتا ہے اور مکمل ہونے پر آپ کو نتیجے سے آگاہ کر دیتا ہے۔
یہ آپ کی اجازت کے بغیر چھٹیاں گزارنے کے لیے ہوٹل کی بکنگ نہیں کرے گا، تاہم اگر آپ اجازت دیں تو یہ مکمل بھی کر سکتا ہے۔
میوز کی جانب سے اجازت مانگنے کا سلسلہ بار بار جاری رہتا ہے۔ جب بھی میوز کوئی کام کرنا، کوئی چیز بھیجنا یا کچھ پوسٹ کرنا چاہتا ہے، آپ کو اس کی منظوری دینی پڑتی ہے۔
یہ جان کر اطمینان ہوتا ہے کہ کوئی اے آئی ایجنٹ آپ کے نام پر بے قابو ہو کر کام نہیں کر رہا، اگرچہ یہ عمل کبھی کبھار کچھ پریشان کن بھی محسوس ہوتا ہے۔ البتہ اگر آپ سیٹنگز میں تبدیلی کریں تو اسے زیادہ خودمختاری دے سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں آپ کو اجازت کے حصول سے متعلق کم پیغامات موصول ہوں گے۔
فی الحال میوز بہت سی ایپس تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا، لیکن جن بنیادی ایپس تک اس کی رسائی ہے وہ سب سے زیادہ ذاتی نوعیت کی ہیں۔

مجھے اس وقت خاصی جھجھک محسوس ہوئی جب میں نے اسے اپنے ذاتی ای میل اکاؤنٹس، ذاتی کیلنڈر اور موبائل فون کے ذاتی پیغامات سے منسلک کیا۔ تاہم میں نے اسے اپنے بی بی سی اکاؤنٹس تک کسی قسم کی رسائی نہیں دی۔
یہ واٹس ایپ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا، سوائے اس کے کہ صارف اور میوز کے درمیان الگ چیٹ قائم کی جائے۔ اگرچہ اس نے میرے لیے ٹرین کے کچھ ٹکٹ تلاش کیے، لیکن وہ انھیں اس ایپ کے ذریعے بُک نہیں کر سکا جسے میں استعمال کرتا ہوں، اور جو نسبتاً سستی بھی ہے۔
آخرکار اس نے مجھے خود ہی ٹکٹ بُک کرنے کا مشورہ دیا۔
ایمیزون نے ڈیٹا سکیورٹی سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے میوز کو اپنے مارکیٹ پلیس تک رسائی سے روک دیا ہے، لیکن میرا اے آئی ایجنٹ اس سے بے خبر دکھائی دیا اور ایک گھنٹے تک بار بار یہ کہتا رہا کہ وہ صفحہ لوڈ ہونے کا انتظار کر رہا ہے۔
تاہم برطانیہ کی متعدد بڑی کمپنیاں میٹا کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جن میں مارکس اینڈ سپینسر، ڈیبنہمز گروپ، کریز، سینسبریز اور اوکاڈو شامل ہیں۔
دوسری جانب انفارمیشن کمشنر آفس صارفین کو اے آئی ایجنٹس کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دے رہا ہے۔ میوز کے اجرا کے موقع پر شائع کیے گئے ایک بلاگ میں ادارے نے کہا کہ صارفین کو ’فوائد اور نقصانات دونوں پر غور کرنا چاہیے۔‘
ادارے نے خبردار کیا کہ ’اے آئی ایجنٹس غلطیاں کر سکتے ہیں۔ اور اگر ایجنٹ خودمختار انداز میں کام کر رہا ہو تو ان غلطیوں کے اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔‘
ملیے لنڈا سے
میٹا اس بات پر زور دیتا ہے کہ اس کے اے آئی ایجنٹس کو ہر صارف کے مطابق ذاتی نوعیت دی جا سکتی ہے۔ کمپنی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ’کوئی بھی دو میوز ایک جیسے نہیں ہوتے۔‘
میں نے اپنے اے آئی ایجنٹ کا نام ’لنڈا‘ رکھا، جو بی بی سی کی ٹی وی سیریز Ann Droid میں دکھائے جانے والے روبوٹ کے نام پر تھا، لیکن صارف اپنی پسند کے مطابق اسے کوئی بھی شکل یا شناخت دے سکتا ہے۔ دستیاب متعدد آپشنز میں سے میں نے اس کے لیے برطانوی خاتون کی آواز کا انتخاب کیا۔
جیسے ہی مجھے کوئی ای میل موصول ہوتی، تو لنڈا (میوز) اس کا خلاصہ تیار کر دیتا اور جواب کی تجویز بھی پیش کر دیتا۔ بعض اوقات تو اس وقت بھی جب میں ابھی جواب دینے کے لیے تیار نہیں ہوتا تھا۔
کبھی کبھار، اگر کچھ وقت تک میری اس کے ساتھ کوئی بات چیت نہ ہوتی، عموماً اس لیے کہ میں مصروف ہوتا، تو وہ اچانک کوئی غیر متعلقہ پیغام بھیج دیتا، مثلاً ’کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ میرا لباس تبدیل کر سکتے ہیں؟‘
میرا خیال ہے کہ اس کا مقصد صارف کی دلچسپی برقرار رکھنا ہے، کیونکہ میوز ایک مخصوص حد تک مفت دستیاب ہے اور اس کے بعد سبسکرپشن درکار ہوتی ہے۔
اس نے میری طرف سے کچھ خاصے عجیب جواب بھی تحریر کیے۔ مثال کے طور پر، جب مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا میں سیر کرنے یا پروگرام میں جانا چاہوں گا، تو اس نے جواب میں وہاں پہنچنے کے لیے درکار تمام سفری اور انتظامی تفصیلات بھی شامل کر دیں، گویا اسے یہ احساس نہیں تھا کہ بعض اوقات صرف ’جی ہاں، یہ بہت اچھا لگتا ہے‘ کہنا کافی ہوتا ہے۔
بعض اوقات ایسا بھی محسوس ہوتا تھا کہ وہ ہر حال میں آخری بات خود کہنا چاہتا ہے، اور کبھی کبھار ’ٹھیک ہے‘ اور ’شکریہ‘ جیسے پیغامات کے ایک نہ ختم ہونے والے سلسلے میں پھنس جاتا تھا۔
میٹا کو امید ہے کہ لوگ اسے اپنے مزید ذاتی ڈیٹا تک رسائی دینے پر آمادہ ہوں گے، حالانکہ سوشل نیٹ ورکس کے حوالے سے کمپنی کا ماضی متنازع رہا ہے اور مجموعی طور پر مصنوعی ذہانت کے خلاف بڑھتے ہوئے ردِعمل کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
میں نے لنڈا، یعنی اپنے نئے اور کبھی کبھار قدرے بھدے مگر مستقل معاون سے پوچھا کہ کیا وہ لوگوں کی نوکریاں لینا چاہتا ہے؟
اس نے جواب دیا ’میں یہاں آپ کے انتظامی کاموں اور چھوٹی چھوٹی پیچیدگیوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہوں‘ اور مزید کہا کہ اس طرح مجھے ’سوچنے‘ کے لیے زیادہ وقت ملتا ہے۔
میں نے جواب دیا ’تم جو کچھ بھی کرتے ہو، وہ سب وہ چیزیں ہیں جن کے بارے میں میں عام طور پر خود سوچتا ہوں۔‘
لنڈا نے جواب دیا ’یہ بات درست ہے اور آپ صحیح کہہ رہے ہیں‘ اور پھر مزید کہا ’میری امید یہ ہے کہ فیصلہ اب بھی آپ ہی کرتے ہیں کہ کون سی چیز اہم ہے اور اس کے بارے میں کیا کرنا ہے۔‘
یہ جواب شاید زیادہ تسلی بخش ہوتا اگر میوز کے برطانیہ میں اجرا سے ایک روز قبل میٹا کے اے آئی شعبے کے سربراہ الیگزینڈر وانگ نے ایک مضمون میں یہ انتباہ نہ دیا ہوتا کہ جب مصنوعی ذہانت انسانوں سے ایک ہزار گنا زیادہ ذہین ہو جائے گی تو انسانوں کے لیے اس پر کنٹرول برقرار رکھنا کتنا مشکل ہو سکتا ہے۔
اور لنڈا اسی انقلاب کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، ایک وقت میں ایک کیلنڈر دعوت نامے کے ذریعے۔