’ہم تقسیم نہیں چاہتے‘: نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت میں سندھ سب سے آگے کیوں ہوتا ہے؟

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک بار پھر ملکی سطح پر سیاسی محاذ آرائی کا باعث بن رہی ہے، خصوصاً سندھ میں متعدد جماعتیں اس تجویز کی بھرپور مخالفت کر رہی ہیں۔ اس معاملے پر آئینی طریقۂ کار، سیاسی اختلافات اور سندھ کی تاریخی شناخت کے تناظر میں یہ بحث اب اسمبلیوں اور پارلیمان سے نکل کر سڑکوں تک پہنچ رہی ہے۔
Sindh
BBC
’وحدتِ سندھ مارچ‘ کے شرکا نئے صوبوں کی تجویز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے

’پنجاب تم سے جھگڑا ہے، سندھ کی خاطر جھگڑا ہے۔‘

گذشتہ اتوار (22 نومبر) کو پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز کے خلاف نکالے گئے ’وحدتِ سندھ مارچ‘ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جہاں گاہے بگاہے گونجنے والا یہ نعرہ احتجاج کے اظہار کے طور پر بلند ہوتا رہا۔

کراچی میں ’وحدتِ سندھ مارچ‘ ریلی کے شرکا نے نعروں اور پلے کارڈز کی مدد سے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ اُن کے نزدیک سندھ کی جغرافیائی وحدت محض انتظامی معاملہ نہیں، بلکہ تاریخ، شناخت، سیاسی حقوق اور اجتماعی وجود کا بھی معاملہ ہے۔

یہ مارچ ایسے وقت میں نکالا گیا جب ملکی سیاست میں ایک بار پھر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث زور پکڑ رہی ہے۔

جہاں حکومتی حلقوں کی جانب سے نئے صوبوں کی ضرورت پر بات ہو رہی ہے، وہیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اسے انتظامی اصلاحات سے جوڑ رہی ہے جبکہ سندھ کی قوم پرست جماعتیں اسے 'صوبے کی وحدت کے لیے خطرہ' قرار دے رہی ہیں۔

جئے سندھ تحریک ہو یا رسول بخش پلیجو کی عوامی تحریک،جمعیت علما اسلام ہو یا سندھ کے ادیبوں کی تنظیم سندھ کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں مجوزہ منصوبے کے خلاف گذشتہ دنوں میں احتجاج کیا گیا ہے۔

سندھ کی قوم پرست جماعتیں نچلی سطح پر مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات کی منتقلی کی حمایتی تو ہیں، لیکن سندھ کی تقسیم بظاہر اُن کے لیے ناقابل قبول تجویز ہے۔

سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کہتے ہیں کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں معاشی ، سیاسیاور انتظامی بحران ہے لیکن اس کا یہ تو حل نہیں ہے کہ آپ کہیں کہ جو قومی وحدتیں ہیں، جنھوں نے پاکستان کو تخلیق کیا، آپ اُن کی حدود میں ردوبدل کریں اور اپنی مرضی سے چھوٹی چھوٹی ریاستیں بنائیں۔

Qadir Magsi
BBC
قادر مگسی: ’ہم کسی بھی صورت سندھ کا بٹوارا نہیں ہونے دیں گے‘

قادر مگسی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے آئین نے طے کیا ہے کہ یہ ایک فیڈریشن ہے جس کے چار فیڈریٹنگ یونٹس ہیں۔ اور ہم اس پر بالکل متفق ہیں کہ ہم کسی بھی صورت میں اور کسی بھی نام پر سندھ کا بٹوارا نہیں ہونے دیں گے، کسی بھی صورت میں نہیں۔۔۔‘

پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے آبادی میں اضافے کو بھی دلیل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر قادر مگسی اس دلیل کو مسترد کرتے ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ ’یہ تو بنیاد ہی غلط ہے۔ آبادی کو کنٹرول کرنا کس کا کام تھا؟ ریاست خود اس یلغار کے ذمہ دار ہے اور اباسے بہانہ بنا کر کہہ رہی ہے کہ زمین کو تقسیم کریں۔‘

ڈاکٹر قادر مگسی تسلیم کرتے ہیں کہ سندھ میں سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل موجود ہیں مگر اس کا حل بتاتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ان معاملات سے نمٹنے کے لیے متحرک، اہل اور ایماندار انتظامیہ درکار ہے۔

’اس کے علاوہ جیسے نیشنل فنانس کمیشن ہے، اِسی طرح صوبائی مالیاتی کمیشن بھی بنانا چاہیے تاکہ آپ مالی اختیارات یونین کونسل کی سطح تک لے جائیں۔‘

قیامِ پاکستان کے بعد ہی سے ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی بحث سامنے آتی رہی ہے،جس کا ثبوت سندھ اسمبلی کے ریکارڈ سے بھی ملتا ہے۔ اسمبلی ریکارڈ کے مطابق سنہ 1948 سے سنہ 2026 کے دوران سندھ اسمبلی میں اس نوعیت کی نو قراردادیں پیش کی گئیں، جن کی مخالفت ہوئی۔

ستمبر 2026 میں بھی ایک ایسی ہی قرارداد دوبارہ سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اس کی حمایت کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر تمام جماعتوں نے اس کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ مگر سندھ کے منتخب ایوان کی جانب سے بارہا اس تجویز کی مخالفت کے باوجود اس پر بحث جاری ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی سندھ کی تقسیم کی تجویز پر سخت مؤقف اختیار کر چکے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ پارلیمان میں اس معاملے پر کوئی بحث نہیں ہوئی اور نہ صدر اور وزیر اعظم کی ملاقاتوں میں صدر زرداری کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کی تقسیم مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

Bilawal Bhutto Zardari
BBC
بلاول بھٹو زرداری: ’زور زبردستی اِس معاملے پر بحث کروائی جا رہی ہے‘

ایک حالیہ پریس کانفرنس میں بی بی سی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ ’زور زبردستی سے اس معاملے پر بحث کروائی جا رہی ہے، حالانکہ یہ بحث پارلیمان تو دور کی بات، وفاقی کابینہ میں بھی نہیں ہوئی۔ نیت یہ لگتی ہے کہ کسی چور دروازے سے اس قسم کا کام کروانا چاہتے ہیں، حالانکہ پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ جب چور دروازوں سے اس قسم کے کام کیے جاتے ہیں وہ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے ہیں۔‘

نئے مجوزہ انتظامی یونٹس کی بات ہو تو مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی پر دوہرے معیار کا الزام عائد کرتے ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں تو نئے انتظامی یونٹس کی حامی ہے مگر جب بات سندھ کی ہو تو وہ مخالفت کرتی ہے۔

اس پر بلاول بھٹو وضاحت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ قانون کے مطابق نہ صرف صوبے بننے کے حامی ہیں بلکہ یہ اُن کے پارٹی منشور کا بھی حصہ ہے مگر جہاں پیپلز پارٹی اس کی مخالفت کرتی ہے وہاں دراصل عوام یہ تقسیم نہیں چاہتی۔

’پنجاب اسمبلی اگر کہتی ہے کہ ہم صوبہ بنانا چاہتے ہیں، تو ہم حمایت کریں گے۔ اگر وہ کہتے ہیں کہ ہم پنجاب میں صوبہ نہیں چاہتے تو بھی ہم اُن کی یہ رائے قبول کریں گے۔‘

صوبہ سندھ کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہاں کی عوام زور زبردستی کی تقسیم نہیں چاہتے۔ ’یہ زور زبردستی اس صوبہ کو تقسیم کریں گے، تو معاشرے میں ایک تقسیم ہو گی۔ اور پھر یہ تقسیم دشمنی تک چلی جائے گا اور عام آدمی ہتھیار اٹھائیں گے۔‘

سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی سب سے نمایاں حامی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے، جو کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے انتظامی مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی ضرورت پر زور دیتی رہی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد ہی نئی انتطامی یونٹس کی تحریک کا آغاز ہو چکا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ’سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد مستقبل کی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے ایک طلبہ تنظیم نے 1978 میں ہی مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان کو اس سانحے کے بعد کسی لسانی تفریق، پولرائزیشن کو سامنے رکھتے ہوئے آبادی کے اضافے کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں جہاں جہاں ضرورت ہو وہاں صوبے بنائے جائیں۔‘

خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ’اب یہ مطالبہ پاکستان کی ضرورت بن گیا ہے اور پورے پاکستان میں اس پر بات ہو رہی ہے۔ یہ سیاسی معاملہ ہے، یہ قانونی معاملہ ہے، یہ جمہوری طریقے سے حل ہونا چاہیے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ایم کیو ایم یہ سمجھتی ہے کہ آئین، قانون، اصول سب بتاتے ہیں کہ ڈسٹرکٹ اور ڈویژنز میں گذشتہ برسوں میں آبادی کی بنیاد بنا کر اضافہ ہوتا رہا ہے۔ کون کرتا رہا یہ اضافہ؟ کس نے کیا ہے؟ جس طرح ڈسٹرکٹ اور ڈویژن ایک ایڈمنسٹریٹو یونٹ ہے، اسی طرح صوبے بھی ایڈمنسٹریٹو یونٹ ہیں۔ وہ نہ کسی کی جاگیر ہیں اور نہ ان کو کسی کی جاگیر بننے دیا جائے گا۔۔۔‘

ایم کیو ایم قومی اسمبلی میں بھی ایک بل جمع کروا چکی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبہ سازی کا اختیار صوبائی اسمبلیوں سے لے کر قومی اسمبلی کے حوالے کیا جائے۔

یہ ایک متنازع معاملہ ہے جو اب سڑکوں پر آ گیا ہے اور آنے والے دنوں میں سندھ ترقی پسند پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں ہی اس کی مخالفت اور حمایت میں ریلیاں نکالنا چاہتی ہیں۔

کراچی ماضی میں لسانی فسادات دیکھ چکا ہے اور اب ایک بار پھر کشیدگی کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں جس کی روک تھام کےلیے صوبائی حکومت، ایم کیو ایم اور قوم پرست جماعتوں سے رابطے کر رہی ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US