کراچی……ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے سال 2016کے
سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون (جماعت نہم) جنرل گروپ ریگولر کی مارکس
شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے
سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ تاریخوں کو اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ
آفس میں کمرہ نمبر 7 پہلی منزل بلاک A سے صبح 9:30 بجے سے شام 5:00بجے کے
دوران مارکس شیٹس حاصل کر سکتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق 16نومبر کو نیو
کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، 17نومبر کو جمشید ٹاؤن، گلشن
اقبال، صدر، شاہ فیصل کالونی، 18نومبرکوکیماڑی، سائٹ، لیاری، کورنگی،
اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، لانڈھی، ملیر، بن قاسم اور گڈاپ مارکس شیٹس حاصل
کر سکیں گے جبکہ پرائیویٹ طلبہ و طالبات کی مارکس شیٹس ان کے رہائشی پتوں
پر ارسال کر دی گئی ہیں۔ شیڈول میں مزید کہا گیا ہے کہ جماعت نہم ریگولر
اور پرائیویٹ کے طلبہ و طالبات 15دسمبر 2016تک اپنے اسکروٹنی فارم متعلقہ
بورڈ کے برانچوں نیشنل بینک، حبیب بینک، یو بی ایل، عسکری بینک بورڈ کی
برانچوں میں جمع کروا سکتے ہیں۔