پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معصوم چہرے کی حامل اداکارہ نازش جہانگیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں بتایا۔
نازش جہانگیر نے پوسٹ پر طویل کیپشن تحریر کیا جس میں اداکارہ نے یہ انکشاف کیا کہ انہیں 'پی ٹی ایس ڈی' (پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈِس آرڈر) ہے۔
اداکارہ نازش جہانگیر نے لکھا کہ 'ڈپریشن، پی ٹی ایس ڈی (پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈَس آرڈر) اور اضطراب بالکل حقیقی ہیں اورمجھے یہ بتانے میں کوئی شرم محسوس نہیں ہو رہی کہ میں گزشتہ 10 سال سے پی ٹی ایس ڈی یٰعنی ذہنی دباؤ کے بعد کی تکلیف دہ صورتحال سے لڑ رہی ہوں ۔ حتیٰ کہ تھراپسٹ بننے کے بعد بھی یہ اکثر ہوتا رہتا ہے۔ پی ٹی ایس ڈی ایک سنگین ذہنی حالت ہے'۔
اداکارہ نے مزید لِکھا کہ 'یہ ایک ایسی کیفیت ہے جس کا شکار کسی خطرناک اور تکلیف دہ صورتحال سے گزرنے والا شخص ہوتا ہے۔ تناؤ کی حالت میں ہارمونز میں اضافہ ہوتا ہے جو آپ کا بلڈ پریشر عارضی طور پر بڑھا دیتے ہیں۔ اس سے دل کی دھڑکن تیز ہونے کے علاوہ خون کی نالیاں بھی تنگ ہوتی ہیں'۔
نازش جہانگیر کے مطابق 'بہت سارے لوگ اس بات سے بے خبر ہیں کہ پی ٹی ایس ڈی کا علاج نہ کروانا متاثرہ فرد اور اس سے جڑے لوگوں کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ نہ صرف اپنے خاندان، دوستوں اور دوسرے افراد کے ساتھ آپ کے تعلقات کو متاثر کرتا ہے بلکہ شدید جذباتی پریشانیوں اور صحت سے جڑے مسائل کا سبب بنتا ہے'۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں کو مزید اس بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ 'پی ٹی ایس ڈی تمام عمر کے افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔ یہاں تک کہ جب ماں مستقل طور پر ذہنی دباؤ کا شکار ہو تو اس سے بچوں کی صحت پر بھی اثر پڑتا ہے۔ بہت ساری علامات اور بھی ہیں لیکن اس کا ایسا کوئی حل موجود نہیں جس سے آپ اس پر قابو پا سکیں'۔
نازش نے کیپشن کے اختتام پر یہ بھی بتایا کہ وہ عبادت بھی کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار، گلوکار اور ماڈل محسن عباس حیدر اور ان کی سابقہ اہلیہ فاطمہ سہیل کے درمیان پائے جانے والے تنازع کے دوران ماڈل اور اداکارہ نازش جہانگیر کا نام سوشل میڈیا پر بہت زیادہ لیا جاتا رہا ہے۔