سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث کاروبار کی بندش کے پیش نظر گھروں کے مالکان کو چاہئے کہ وہ اپنے کرایہ داروں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کریں۔
معروف سماجی کارکن شنیرا اکرم نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان بھر میں کیفے، ریسٹورینٹ، دکانیں ، جیمز، اسکول اور پارکس بند ہو گئے ہیں۔
شنیرا اکرم نے کہا کہ ’اِس مشکل وقت میں بلڈنگ اور فلیٹس کے مالکان کو چاہئے کہ وہ اپنے کرایہ داروں سے کرایہ لینے میں نرمی کا مظاہرہ کریں تاکہ چھوٹے کاروبار والے افراد کو مشکلات پیش نہ آئیں۔‘
دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے گزشتہ روز بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں ایک گندے ٹیشو پیپر کی تصویر شئیر کی تھی جس سے اُنہوں نے اپنا موبائل فون اور چارجر صاف کیا تھا۔
انہوں نے ٹوئٹر صارفین سے سوال کیا تھا کہ ’کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہم کتنی بار اپنے موبائل کو ہاتھ لگاتے ہیں اور پھر وہ ہی ہاتھ اپنے چہرے پر بھی لگاتے ہیں؟
اُنہوں نے لکھا تھا کہ میں نے ابھی اپنے موبائل فون اور چارجر کو صاف کیا ہے۔
ساتھ ہی اُنہوں یہ بھی کہا کہ ’جب تک آپ خود یہ عمل نہ کرلیں تب تک مجھ پر کوئی تبصرہ نہیں کریں۔