بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکار عرفان خان، سنہ 1967 کو جے پور کے مسلم نواب خاندان میں پیدا ہوئے۔
بالی ووڈ کے معروف اور باصلاحیت اداکار عرفان خان نے بھارتی فلم انڈسٹری سمیت عالمی سنیما تک رسائی حاصل کی، اور دنیا کو بتایا کہ ان میں کچھ کر دکھانے کی لگن موجود ہے۔ لوگوں نے پہلی بار عرفان خان فلمی پردے پر دیکھا اور بھول گئے لیکن شاید ہی کسی کو معلوم تھا کہ یہ اداکار آگے چل کر نہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں نام کمائے گا۔
بچپن سے ہی قصے کہانیوں میں دلچسپی رکھنے والے عرفان کا رحجان فلموں کی طرف ہو گیا اور وہ بھی خاص طور پر نصیر الدین شاہ کی فلمیں۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے تین مشہور خان جن میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان اپنے انداز، اسٹائل سے بے حد مشہور ہوئے، لیکن عرفان خان کی اداکاری میں اتنی جان ہوتی کہ وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں جلدی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاتے یہاں تک کہ بڑے فلم کے ہدایت کار بھی ان کی عمدہ اداکاری سے بہت متاثر ہوئے۔
عرفان خان کی فلم دی لنچ باکس ایک ایسی دل موہ لینے والی کہانی ہے جسے بولی ووڈ کی چند بہترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا۔
ان کی ایک اور مشہور فلم ہندی میڈیم نے جس میں پاکستانی اداکارہ صباء قمر بھی موجود تھیں، اس فلم نے بین الاقوامی سطح پر خوب شہرت حاصل کی یہاں تک کہ چین کے باکس آفس پر بھی تہلکا مچا کر رکھ دیا تھا۔
عرفان خان کی خاصیت یہ تھی کہ وہ مثبت اور منفی دونوں کردار بخوبی نبھاتے تھے اور جس کی بنا پر انہوں نے متعدد بہترین فلمی ایوارڈ اپنے نام کئے۔
ان کی مسلسل محنت، جدوجہد نے انہیں روایتی فلموں میں بالی ووڈ کی جدید تاریخ کا نامور اداکار بنایا۔
عرفان خان کو 28 اپریل 2020ء کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کیا گیا اور 29 اپریل 2020ء کو اس فانی دنیا سے رخصت ہوگئے۔