ارطغرل غازی ترکی کا ایک تاریخی ڈرامہ ہے جس نے ریکارڈ بریکنگ کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈرامہ یکم رمضان المبارک سے پاکستان ٹیلی ویژن پر اردو میں ڈب کر کے نشر کیا جا رہا ہے۔
ترکی کے ڈراموں کے پاکستان میں لاکھوں مداح ہیں لیکن اس ڈرامہ نے تاریخ رقم کردی۔ کچھ ہی دنوں میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس ڈرامہ کو پی ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں اور پھر ہم یہ کیسے بھول سکتے ہیں کہ یہ وہ ڈرامہ ہے جسے خود وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے نشر کرنے کو کہا تھا۔
یہ ڈرامہ نا صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا اور مشرق کے وسط کے کئی ممالک میں دکھایا جا رہا ہے۔
لیکن یہ ڈرامہ اتنا مقبول کیوں ہوا؟ ڈرامہ کی کامیابی کی بنیادی وجوہات کیا تھیں؟
بالکل مختلف صنف کا ڈرامہ
ارطغرل غازی مکمل طور پر ایک بالکل مختلف صنف کا ڈرامہ ہے۔ یہ روایتی ڈراموں جیسا نہیں یعنی ایک جیسی کہانی، پیار، محبت۔ یہ ایک تاریخی ڈرامہ ہے جس نے مداحوں پر اپنا گہرا اثر چھوڑا ہے۔ اس ڈرامہ نے لوگوں کی نفسیات پر جس طرح اپنے اثرات مرتب کیے ہیں، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
حیرت انگیز پیشکش
یہ ڈرامہ مختلف جگہوں پر شوٹ کیا گیا، دیکھنے والے اس قدر اس کے سحر میں ڈوبتے ہیں کہ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ محض ایک ڈرامہ ہے اور تاریخ کو اس ڈرامہ کے ذریعے بتایا گیا ہے۔ ڈرامہ میں استعمال کیے گئے کیمرے، پھر ایڈیٹنگ کا کام بے پناہ مہارت سے کیا گیا ہے۔
رائٹر کا انصاف
لکھنے والے نے کیا مہارت دکھائی ہے۔ ہر سین، ہر اداکار کے بولے جانے والے ڈائیلاگ کے ساتھ مکمل انصاف سے کام لیا گیا ہے۔ خوبصورت اسکرپٹ کے ساتھ یہ ڈرامہ ایک مکمل انٹرٹینمنٹ کے ساتھ مکمل معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔
متاثر کن کردار
اس ڈرامہ کا ہر کردار کسی نا کسی طرح سے ہر فرد کو متاثر کرتا ہے۔ سب سے پہلے بات کریں گے ڈرامہ کے ہیرو کی۔ ارطغرل کا اللہ پر مکمل ایمان، بہادری، دین کے لیے بے خوف ہونا اپنی مثال آپ ہے۔ اس ڈرامہ کا ہر کردار مداحوں کو کچھ نا کچھ ضرور سکھاتا ہے۔ جیسا کہ ابن العربی، حلیمہ سلطان، حائمہ خاتون، سردار سلیمان شاہ، دیلی دمیر اور ان کی بیٹی شاہنیہ کا کردار۔ پھر ارطغرل کے جانبازوں روشان، نورگل اور بابر کا کردار۔
اداکاروں کی اداکاری
ڈرامہ میں جان ڈال دینے والے اداکاروں کو کوئی کیسے فراموش کر سکتا ہے؟ ہر کردار مانو اسی اداکار کے لیے بنا ہو جس نے اسے ادا کیا۔ جاندار اداکاری کے ساتھ ڈائیلاگ کی خوبصورت ادائیگی اس ڈرامہ کی کامیابی کا سبب بنی۔
جاندار پیغام
ڈرامہ کی ہر قسط میں ہی مداحوں کو جاندار پیغام ملا۔ ڈرامہ میں متعدد جگہ قرآن و حدیث کا حوالہ دیا گیا، اس حوالہ سے مسائل کے حل بتائے گئے تو یہ ڈرامہ نہ صرف ایک ڈرامہ ہے بلکہ دیکھنے والے میں شعور اجاگر کرنے میں انتہائی معاون ہے۔