اداکارہ دپیکا پڈوکون بالی ووڈ انڈسٹری کی ایک کامیاب ترین اداکارہ ہیں اور ان کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ تین فلم فئير اعزازات سميت کئی دوسرے ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔ انہیں بھارت کی چند مشہور اور پُرکشش شخصیات میں گردانا جاتا ہے۔
سن 2007ء میں اِن کی بہت ہی مقبول اور پہلی بالی ووڈ فلم اوم شانتی اوم ریلیز ہوئی تھی جس میں انہوں نے دوہرا کردار ادا کیا۔ اپنی زبردست اداکاری کی بدولت اس فلم پر انہیں بہترین نوآموز اداکارہ کا فلم فیئر اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ان کی دیگر مشہور فلموں میں چنائی ایکسپریس, رام لیلا، باجی راؤ مستانی اور پدماوتی شامل ہیں۔
اداکارہ دیپیکا پڈوکون 2018 میں فلم اسٹار رنویر سنگھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں تھیں۔ انہوں نے اداکار رنویر سنگھ کے ہمراہ بھی کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔
دپیکا ڈوکون ایک مشہور بیڈمینٹن کھلاڑی پرکاش پڈوکون کے گھرانے میں پیدا ہوئیں جو اُس وقت کوپن ہیگن، ڈنمارک میں رہائش پزیر تھے۔
آج دپیکا پڈوکون کے والد پرکاش پڈوکون کی 65ویں سالگرہ ہے اور اس موقع پر ان کی بیٹی نے والد کے لئے محبت بھرا پیغام بھی جاری کیا ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اپنے والد کے ساتھ اپنے بچپن کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی۔
اپنی پوسٹ پر انہوں نے اپنے والد کے لئے خوبصورت پیغام لکھا کہ آپ اسکرین کی دُنیا کے پیچھے کے سب سے بڑے ہیرو ہیں۔
دپیکا پڈوکون نے لکھا کہ آپ نے یہ ثابت کیا کہ آپ ناصرف اپنے پیشے میں چیمپیئن ہیں بلکہ ہماری زندگیوں میں بھی چیمپیئن کی حیثیت رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون کے والد پرکاش پڈوکون بھارت کے سابق بیڈمنٹن چمپیئن ہیں جو 1980ء میں دُنیا کے نمبر ایک کھلاڑی مانے جاتے تھے اور اُسی سال وہ پہلے بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی بنے تھے جنہوں نے’آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن چیمپیئن شپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔