بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ماہیما چوہدری ماضی میں نہایت خوفناک حادثے کا شکار ہوچکی ہیں جس کے باعث نہ صرف ان کے چہرے پر گہرے زخم آئے تھے اور وہ مرتے مرتے بچی تھیں بلکہ اس حادثے نے ان کے کیریئر کو بھی ختم کردیا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ماہیما چوہدری نے اپنی زندگی کےخوفناک حادثے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں اجے دیوگن اور کاجول کی پروڈکشن میں بننے والی فلم دل کیا کرے میں کام کررہی تھی اور بنگلورو میں فلم کی شوٹنگ کے لیے اسٹوڈیو جاتے ہوئے اچانک ایک تیز رفتار ٹرک نے میری گاڑی کو ٹکر ماری اور گاڑی میں سامنے لگا ہوا شیشہ ٹوٹ کر میرے چہرے پر لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جب بھی اس خطرناک حادثے کے بارے میں سوچتی ہوں تو خوف سے میرے آنسو نکلنے لگتے ہیں۔
ماہیما چوہدری نے بتایا کہ اس حادثے نے ان کے کیریئر کو بہت نقصان پہنچایا۔ جس وقت حادثہ پیش آیا اس دوران ان کے پاس متعدد فلمیں تھیں لیکن انہیں ان تمام فلموں سے ہاتھ دھونا پڑا۔
ماہیما نے کہا میں نہیں چاہتی تھی کہ لوگوں کو میرے ساتھ ہونے والے حادثے کے بارے میں علم ہو کیونکہ لوگ اس وقت آپ کی حمایت میں سامنے آتے تھے۔ اگر میں اس وقت لوگوں کو اپنے ساتھ ہوئے حادثے کے بارے میں بتاتی تو وہ کہتے اوہ اس کا تو چہرہ خراب ہوگیا کسی اور کو فلموں میں سائن کرلو۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہیما چوہدری نے سن 1997 میں بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم پردیس سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور ان کی پہلی فلم ہی باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔