کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری کووڈ 19 سے کئی مشہور شخصیات متاثر ہوئیں جس کے بعد احتیاطی تدابیر پر انہوں نے عمل کیا اور صحتیاب ہوئے۔
اسی طرح کورونا وائرس کو شکست دینے والے پاکستان کی مشہور و معروف اداکار جوڑی ندا یاسر اور یاسر نواز نے بھی کورونا وائرس کو شکست دی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کورونا کی تشخیص کے بعد تین روز تک انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز نے ایک پروگرام میں اپنے کورونا میں مبتلا ہونے اور اس سے صحتیاب ہونے تک کی کہانی کو بیان کیا اور مداحوں کو کورونا کو شکست دینے سے متعلق چند مفید مشورے بھی دیے۔
ان دونوں کی جانب سے دئے گئے مشورے درج ذیل ہیں۔
1- ندا اور یاسر نے کہا کہ سب سے پہلے ڈائٹنگ کا خیال اپنے ذہنوں سے نکال دیں، کسی بھی بیماری سے بچنے کے لئے آپ کی قوت مدافعت کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 2 سے 3 سالوں میں ہم دونوں نے ہی اپنا وزن کم کیا ہے اور اپنی غذا سے چاول اور گندم نکال دی تھی جس کے سبب ہمارا ’امیون سسٹم‘ کمزور ہو گیا تھا اور ہم اس وائرس کی لپیٹ میں آگئے تھے۔
2- یاسر نے کہا کہ اس وبائی مرض میں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سنیں، اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے موبائل فون میں سورۃ الرحمٰن ڈاؤن لوڈ کرلی تھی اور روزانہ تلاوت سنتا تھے جس سے وہ سکون و آرام مھسوس کرتے تھے۔
یاسر نواز کا کہنا تھا کہ کوشش کریں کہ اپنے خالق سے اپنا رشتہ مضبوط کریں یہ بڑی فائدہ مند چیز ہے۔
3- پروڈیوسر اور اداکار یاسر نواز نے کہا کوشش کریں کہ منفی اور ذہنی صلاحیتوں کو کمزور کرنے والی چیزوں سے خود کو دور رکھیں، اس بیماری میں آپ کا پر سکون رہنا بہت ضروری ہے اس لئے خود کو ترو تازہ محسوس کرانے کے لئے کوئی مزاحیہ پروگرامز دیکھیں جس سے آپ کا وقت اچھا گزر جائے۔
4- ندا اور یاسر نواز کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران خود کو اور قوت مدافعت کو مضبوط رکھنے کے لئے ورزش ضرور کریں اور اگر آپ اس وائرس کا شکار ہو گئے ہیں تو ہر قسم کی جسمانی مشقت روک دیں، ورنہ آپ کی ساری طاقت اسی میں ضائع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر نے بھی یہی تجویز دی تھی کہ مکمل آرام کریں اور ورزش روک دیں۔
5- ندا اور یاسر نے موسمی پھل کھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کو شکست دینے کے لئے پروٹین کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور موسمی پھل کھائیں تاکہ اس بیماری سے لڑنے میں مدد مل سکے۔
ندا یاسر نے بتایا کہ انہوں نے اس بیماری کے دوران اپنی خوراک میں انڈے ، دالوں کا سوپ اور گوشت سمیت وہ سب کھایا تھا جس میں پروٹین شامل تھا اور پھلوں میں آم کا استعمال کیا تھا ۔
6- ندا نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ اس بیماری سے صحت یاب ہوتے ہی انہوں نے برفیلا ٹھنڈہ پانی پیا تھا اور آئس کریم کھائی تھی کیوں کہ جب وہ کورونا وائرس سے متاثر تھیں تو اس دوران وہ بس گرم اشیاء کا استعمال کر رہی تھیں ۔