بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نام نہاد شخصیات جنہوں نے بالی ووڈ میں بے حد نام کمایا۔ انہیں میں چند اداکار و گلوکار ایسے ہیں جنہوں نے اسلام کو جاننا چاہا اور اس کی خوبصورتی اور مٹھاس دسے متاثر ہوکر دیکھتے ہی دیکھتے اپنے خاندان سمیت آج وہ مذہب اسلام میں داخل ہوگئے۔
ان اداکاروں کا ماننا ہے کہ اسلام ایک ایسا مذہب ایسا ہے جو ان کے دلوں کو راحت پہنچاتا ہے اور آج ان کا ایمان بھی پختہ ہو چکا ہے۔
آئیں ہم جانتے ہیں کہ وہ کونسے خوش نصیب معروف بھارتی شخصیات ہیں جنہوں نے اسلام کا حصہ بننے کا یہ احسن اقدام اٹھایا۔
1- اے آر رحمٰن
نامور بھارتی گلوکار اے آر رحمٰن ایک ہندو خاندان میں پیدا ہوئے اور تب ان کا نام اے ایس دلیپ کمار تھا۔ بعد ازاں انہوں نے اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر کے اے آر رحمٰن رکھ دیا۔ یاد رہے کہ وہ آسکر ایوارڈ یافتہ ہندوستانی میوزک کمپوزر اور گلوکار ہیں۔ 23 سال کی عمر میں ، انہوں نے اپنے خاندان سمیت اسلام قبول کیا۔
2- ممتا کلکرنی
ممتا کلکرنی سابقہ بھارتی اداکارہ اور ماڈل ہیں۔ ان کے شوہر وکی گوسوامی کو متحدہ عرب امارات میں منشیات اسمگلنگ کیس کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے شوہر کو 25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس واقعے کے بعد سے ممتا کلکرنی نے اپنے شوہر کے ساتھ اسلام قبول کرلیا۔
3- مونیکا
مونیکا جنوبی ہندوستان کی مشہور سابقہ اداکارہ تھیں جنہوں نے ایک پریس میٹنگ کے دوران اسلام قبول کیا تھا۔ اداکارہ نے اپنا نام تبدیل کر کے ایم جی رحیمہ رکھ دیا۔ وہ اسلامی اصولوں سے خاصی متاثر تھیں اور بعد ازاں ان کے والد کی جانب سے اسلام قبول کرنے پر انہیں بھرپور حمایت بھی حاصل ہوئی۔ ایم جی رحیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے پیار یا دولت کی وجہ سے مذہب تبدیل نہیں کیا، مجھے اسلامی اصول پسند ہیں، لہٰذا اس وجہ سے میں دائرہ اسلام میں داخل ہوئی۔
4- شرمیلا ٹیگور
مشہور بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور ہندی اور بنگالی سنیما میں اپنے کاموں کے لئے مشہور ہیں۔ وہ ہندوستانی سینما کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔ انہیں مشہور کرکٹر منصور علی خان پٹودی پسند تھے جس کے بعد انہوں نے منصور سے شادی کی اور اسلام قبول کرلیا۔ مذہب تبدیل کرنے کے بعد شرمیلا ٹیگور کا نام اب عائشہ سلطانہ ہے۔ خیال رہے ان کے شوہر منصور علی خان کا 2011 میں دلی میں انتقال ہوگیا تھا۔
5- دیپیکا کاکڑ
حال ہی میں بھارتی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ دیپیکا کاکڑ کی بھارتی اداکار شعیب ابراہیم کے ساتھ بھارت کے ایک آبائی شہر ، بھوپال میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اداکارہ دیپیکا کاکڑ نے دیگروں کی طرح اپنا نام تبدیل کر کے فائزہ رکھ لیا۔ بھارتی اداکار شعیب ابراہیم سے شادی سے قبل اسلام قبول کرنے والی بھارتی ٹی وی اداکارہ دپیکا کاکڑ کا کہنا ہے کہ انہیں مسلمان ہونے پر بہت فخر ہے۔