اِن کی آواز ایک گلوکار سے بھی زیادہ اچھی ہے۔۔۔ پاکستان کے وہ 10 اداکار جو گلوکاری کا بھی شوق رکھتے ہیں اور بہت اچھا گاتے ہیں

image

جب آپ اپنے کسی فن یا شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو سب آپ کو خوب سراہتے ہیں۔ لیکن جب آپ اپنے فن کے علاوہ کسی دوسرے فن میں کارکردگی دکھائیں اور لوگ آپ کے مداح ہوجائیں، تب آپ یہ سوچتے ہیں کہ کیوں نہ اس کام کو بھی اپنا لیا جائے۔ اسی طرح فنکار اپنے فن کے علاوہ بھی ایک سے زیادہ شعبے کی طرف راغب ہوسکتا ہے۔

بہت سارے پاکستانی اداکار ہیں جنہوں نے دراصل بطور گلوکار اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ اور وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے پہلے اپنے آپ کو اداکار کے طور پر قائم کیا اور پھر ساتھ ہی ساتھ گلوکاری کے فن کا بھی مظہرہ کرنا شروع کردیا۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اداکاری اور گلوکاری دونوں میں بہت محنت، وقت اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاکستان شوبز اداکاروں میں اچھی اور سریلی آواز والے اداکار اور اداکارائیں موجود ہیں جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ آنے والے مستقبل میں وہ اداکار ہونے کے ساتھ بہترین گلوکار یا گلوکارہ بھی کہلائیں گی۔

1- عمران عباس

عمران عباس صحیح معنوں میں ایک اعلیٰ فنکار ہیں۔ وہ اکثر اپنے گانوں کی مختلف ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا پیجز پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ انہیں رمضان کے مختلف پروگراموں میں نعت خوانی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ درحقیقت مداح واقعی ان کی گلوکاری کی مہارت کو سراہتے ہیں۔ 2017 میں انہوں نے ان تمام مشہور شخصیات کو اپنی گائیکی کے ذریعے خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک خوبصورت گانا گایا جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں، تب انہوں نے اپنی عمدہ آواز کے جادو سے سب کو حیران کردیا تھا۔

2- مہوش حیات

مہوش حیات پاکستان میں صف اول کی اداکارہ مانی جاتی ہیں۔ اگرچہ وہ کچھ عرصے سے پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری میں موجود ہیں لیکن ان کی پہلی سپرہٹ فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' کہلائی جاتی ہے۔

ایکٹر ان لا اور میں پنجاب نہیں جاؤں گی میں انہوں نے ہمایوں سعید کے مقابل بہت عمدہ اداکاری کا مظاہرہ پیش کیا تھا۔ 2016 میں گلوکار شیراز اپل کے ساتھ کوک سٹوڈیو کے سیزن نائن کا ایک گانا گانے سے پہلے بھی اداکارہ مہوش حیات مختلف پروگراموں میں گلوکاری کا مظاہرہ کر چکی تھیں۔

اس کے علاوہ مہوش حیات نامور گلوکار راحت فتح علی خان کے ہمراہ بھی چند گانوں پر بہت شاندار گلوکاری کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔

3- احد رضا میر

احد رضا میر کو یقینی طور پر ان اداکاروں میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے جنہوں نے بہت وقت میں بڑا نام کمایا اور بڑے پیمانے پر فین فالوونگ حاصل کی۔ احد رضا میر چھوٹی عمر سے ہی گلوکاری میں دلچسپی لیتے رہے ہیں۔ وہ گٹار بجاتے ہیں اور ساتھ میں گنگنانا بھی پسند کرتے ہیں۔ احد رجا میر مشہور گلوکاری کے پروگرام کوک اسٹوڈیو میں مومنہ مستحسن کے ہمراہ کو کو کورینہ گانے پر بھی پرفارم کر چکے ہیں۔

4- ہانیہ عامر

ہانیہ عامر شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ ہیں۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ فری اسٹئال گلوکاری کرنے کا شوق بھی رکھتی ہیں۔ انہیں حقیقتاً سنگنگ کرنے میں خاصا مزاح آتا ہے جس کی وجہ سے شاید ان کی بہترین دوست آئما بیگ اور عاصم اظہر بھی گلوکار ہیں۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ اب اداکارہ ہانیہ عامر اداکاری کے ساتھ گلوکاری کی طرف بھی مائل ہوچکی ہیں۔

5- عدیل چوہدری

آپ میں سے جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عدیل چودھری صرف ایک اداکار ہیں وہ یہ جان کر حیرت زدہ ہوں گے کہ وہ گلوکاری میں بھی بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ 2009 میں انہوں نے اپنا ایک میوزک البم متعارف کرایا تھا جبکہ دوسرا 2013 میں بنایا۔ اداکار و گلوکار عدیل چوہدری بالی ووڈ فلم قسمت کنیکشن کے لئے گانا گاچکے ہیں جو ان دنوں بے حد مقبول ہوا۔ عدیل پرفارمنگ آرٹس کے ان دونوں شعبوں سے پیار کرتے ہیں حالانکہ وہ تعلیم کے لحاظ سے ایک ڈاکٹر ہیں۔

6- حرا مانی

پاکستان ڈرامہ میں بے پناہ شہرت کی حامل اداکارہ حرا مانی کو کسی تعارف کی ضرورت نہیں، وہ موجودہ وقت کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک مانی جاتی ہیں۔ حرا مانی گلوکاری کرنا بے حد پسند کرتی ہیں، وہ ہمیشہ سے ہی اپنے شعبے میں پرفارم کرنے کا شوق اور جزبہ رکھتی ہیں۔ کسی انٹرویو میں جب انہیں کچھ گنگنانے کے لئے کہا جاتا ہے تو وہ بالکل نہیں ہچکچاتیں۔ انہوں نے جنید خان کے ہمراہ ڈرامہ سیریل ٹھیس کے لئے آفیشل گانا بھی گایا۔ سامعین کو ان کی آواز بہت پسند آئی تھی۔ دیکھا جائے تو یہ ان کے لئے بہترین وقت ہے جب انہیں گلوکاری میں اپنے آپ کو منوانے کے لئے مزید کوشش شروع کردینی چاہئے۔

7- صنم سعید

اداکارہ صنم سعید نے کئی ہٹ ڈرامہ سیریلز میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کا شمار پاکستان کی بہترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوتا ہے۔ انہوں نے بہت ماڈلنگ بھی کی ہے۔ وہ واضح طور پر میوزک کا جنون رکھتی ہیں کیونکہ انہوں نے ایک سے زائد بار کوک اسٹوڈیو میں گلوکاری کرتے دیکھا جا چکا ہے۔

8- آغا علی

آغا علی ایک محنتی پاکستانی اداکار ہیں جو اپنی عمدہ آواز کے ساتھ ایک بہترین گلوکار ہیں۔ انہوں نے اپنی کئی موسیقی کی ویڈیوز جاری کی ہین، اور اپنے گانوں کو خود تشکیل دیا۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اداکار آغا علی دونوں شعبوں میں یکساں طور پر سبقت لے چکے ہیں اور یہاں تک کہ اُن تمام چیلنجز کے باوجود جو انہوں نے کئی برسوں میں درپیش ہوئے، آج بھی وہ فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں بہت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

9- علیزے شاہ

مشہر ڈرامہ سیریل عہدِ وفا سے مقبولیت حاصل کرنے والی پاکستان کی خوبرو اداکارہ علیزے شاہ بھی ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جن کو گانے کا واقعی میں شوق ہے لیکن انہوں نے خود کو اداکار کے طور پر پیش کیا ۔ علیزے شاہ کے پاس پہلے ہی کئی مقبول ڈرامے موجود ہیں، اگرچہ انہوں نے ابھی تک گانے کو بطور کیریئر نہیں مانا ہے انہوں نے کافی انٹرویوز میں اس حوالے سے ذکر کیا ہے کہ وہ سنگنگ کا بھرپور شوق رکھتی ہیں۔ انھوں نے کئی پروگرموں اپنی آواز کے جادو مداحوں کو متاثر کیا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ علیزے شاہ بھی مستقبل میں میوزک اسٹار کے طور پر اُبھر کر سامنے آسکتی ہیں۔

10- عروہ حسین

عروہ حسین موجودہ دور کی ایک کامیاب اور مشہور پاکستانی اداکارہ ہیں۔ جنہوں نے اب پروڈکشن میں بھی قدم رکھا ہے۔ 2016 میں عروہ حسین نے ایک گانا 'آؤ لے کر چلوں' ریلیز کیا تھا جسے کوئی خاص کامیابی نہیں ملی اور انہیں بے حد تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ لہٰذا بعد میں عروہ حسین نے اپنی تمام توجہ دوبارہ اداکاری پر مرکوز کر دی تھی اور وہ اس میدان میں ہمیشہ کی طرح کامیاب ہی رہیں۔


About the Author:

آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts