پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور اداکار اور ہدایت کار عدنان صدیقی نے ترکی کے شہر استنبول میں شہرہ آفاق ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے مرکزی کردار ارطغرل غازی کے مزار پر حاضری دی۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر اردو ڈبنگ کے ساتھ پیش کیا جانا والا ڈرامہ ارطغرل غازی نہ صرف پاکستانی عوام میں مقبول ہو رہا ہے بلکہ پاکستانی فنکار بھی اس ڈرامے کے بہت بڑے مداح بن چکے ہیں۔
گزشتہ دنوں عدنان صدیقی شوٹنگ کے سلسلے میں ترکی گئے تھے جہاں انہوں نے ترکی کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کی۔
عدنان صدیقی نے ویڈیو کے ساتھ ایک طویل کیپشن بھی لکھا، جس میں انہوں نے کہا اب اگر کوئی ارطغرل غازی سے متعلق نہیں جانتا ہوگا تو یہ حیران کن بات ہوگی کیونکہ وہ بورنگ تاریخی کتابوں سے باہر نکل کر لیجنڈری ترک سیریز ارطغرل میں موجود ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں ارطغرل غازی کے مداح بہت بڑی تعداد میں موجود ہیں اور اِن دنوں مذکورہ ڈرامے پر بہت زیادہ بات چیت ہوتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں ارطغرل کے مزار پر موجود ہوں جو سوغوت میں واقع ہے، جنہیں تاریخی واقعات کی وجہ سے ایک طرح سے سلطنت عثمانیہ کا بانی کہا جاسکتا ہے۔
اس سے چند روز قبل بھی عدنان صدیقی نے انسٹاگرام اسٹوریز میں جاری کچھ ویڈیوز میں شوٹنگ اور استنبول میں سیر و تفریح کی ویڈیوز بھی جاری کی تھیں۔