ہر شعبے میں خواتین کا آگے بڑھنا کوئی غیر معمولی بات نہیں مگر پاکستان کی خواتین دنیا کے مختلف ممالک میں اہم عہدوں پر فائز ہو کر اپنے ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد کینیڈین سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان کینیڈا کی سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی صدر منتخب ہوگئی ہیں، یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئر پرسن کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں، اور یہ عزم کرتی ہوں کہ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انسانی حقوق کو درپیش مسائل اور خدشات ختم کرنے پر توجہ دوں گی۔
یہ اعزاز اپنے نام کرنے پر پاکستان کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹر پیغام میں سلمیٰ عطا اللہ جان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اس اعزاز کی حقدار تھیں۔