جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے دوسری عالمی جنگ کا بم بر آمد، بم کو ناکارہ بنانے کے لئے 13 ہزار سے زائد شہریوں کو اپنے گھروں کو عارضی طور پر خالی کرنا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق فرینکفرٹ کے رہائشی علاقے سے 1100 پاؤنڈ ( 500 کلو گرام) وزنی دوسری جنگِ عظیم کا 81 سال پرانا بم برآمد ہوا ہے، بم کی موجودگی کا علم ہوتے ہی فرینکفرٹ پولیس نے فرینکفرٹ شہر کے مغربی حصے میں آدھے میل رقبے پر محیط رہائشی علاقہ احتیاط کے پیشِ نظر خالی کروا لیا، یہ بم بلڈنگ کی تعمیر کے لئے کی جانے والی کھدائی کے دوران برآمد ہوا۔
500 کلو گرام وزنی یہ بم برطانوی فضائیہ نے جرمنی پر حملے کے وقت گرایا تھا تاہم یہ بم پھٹا نہیں تھا۔
اس سے قبل 2017 اور 2019 میں بھی فرینکفرٹ سے دوسری جنگِ عظیم کے دو بم دریافت ہو چکے ہیں، جن میں 2017 میں برآمد ہونے والا بم دو ٹن وزنی تھا اور اس بم کو ناکارہ بنانے کے لئے 65000 ہزار شہریوں کو گھر چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ 2017 کا یہ واقعہ 1945 میں جنگ کے خاتمے کے بعد 65000 لوگوں پر مشتمل سب سے بڑا عوامی انخلا تھا۔