شادی کے دن کو خاص اور منفرد بنانے کے لئے لوگ مختلف قسم کے نئے طریقے اپناتے ہیں۔ مگر جب شادی کا دن قریب ہو اور آپ کو کوئی بیماری ہو جائے تو ایک ٹینشن سوار ہو جاتی ہے۔
مگر کورونا وائرس کے اس دور میں ایک عجیب و غریب شادی بھارت کی ریاست راجھستان میں پیش آئی جہاں شادی سے کچھ روز قبل ہی دلہن کورونا وائرس کا شکار ہوگئی۔
اب ۔۔۔ ؟ دلہن کو کورونا ہوگیا مگر مہمانوں کو دعوت دے دی، منڈپ سجنے کو تیار ہے ۔ پکوان کا آرڈر بھی دے دیا اور ڈھول ڈھماکے سے دیگر تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔ مگر شادی کیسے ہو؟
اس کا حل بھی گھر والوں نے بخوبی نکالا اور متاثرہ دُلہن کو شادی کے سُرخ جوڑے کے بجائے پی پی ای (پرسنل پروٹیکٹو ایکویپمنٹ) لباس پہنایا گیا اور منڈپ کورونا سینٹر میں ہی سجا لیا گیا۔ ایس او پیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شادی کی تمام رسومات ادا کی گئیں۔ سینیٹائزر سے ہر چیز کو سینیٹائز کیا گیا ۔
غیر ملکی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘کے مطابق جس دن شادی طے ہوئی اُسی دن دلہن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو گھر والوں نے شادی کی تاریخ آگے نہیں بڑھائی بلکہ دُولہا میاں دلہن کو لینے کورونا سینٹر ہی پہنچ گئے۔
ان کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو ری ہے۔ دولہے اور پنڈتوں نے بھی پی پی ای لباس پہنا ہوا ہے۔