دن رات کھیتی باڑی کرنے میں وقت گُزر جاتا ہے۔ کبھی رزق کی تنگی، بچوں کی کفالت، گھر کا خرچ، فصل کے اخراجات اور ٹھیکیداروں کی نا انصافی، ٹرانسپورٹرز کا اضافی کرایہ ۔۔۔ ان تمام مسئلے مسائل میں گھرے ہوئے کسان اپنی انتھک محنت اور بے تحاشہ جدوجہد کے بعد ہمارے لئے فصل تیار کرتے ہیں۔
جس سے ان کو ذاتی طور پر فائدہ ہو یا نہ ہو مگر پوری قوم کے رزق کو تیار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔
جہاں ہزاروں کسان پریشان ہیں وہیں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک کسان کی قسمت حد سے زیادہ مہربان ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق: '' دو سو روپے میں لیز پر لی گئی زمین پر فصل اگانے کی غرض سے کھدائی کرتے ہوئے خوش قسمت کسان کو 14 کیرٹ کا ہیرا مل گیا جس کی مالیت 1 کروڑ 2 لاکھ روپے سے بھی زائد ہے۔''
کسان لکھن یاویوو کا کہنا ہے کہ: '' ہیرے کے عوض جتنی بھی رقم حاصل کروں گا اس سے میں اپنے بچوں کی اچھی تعلیم کے لئے خرچ کروں گا تاکہ وہ زندگی میں آگے بڑھ سکیں اور میرا نام روشن کر سکیں۔''
جب سے لکھن کو ہیرا ملا ہے سارا علاقہ زمین کی کھدائی کرنے لگ گیا ہے کہ کسی طرح ان کو بھی ایسا ہی ہیرہ مل جائے۔