بھارتی نیٹ ورک نے یورپی یونین کا جعلی لیٹر ہیڈ استعمال کیا، بھارت ملک نہیں بلکہ ایک مافیا بن گیا ہے، مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا بھارت سے متعلق بیان۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس دشمن سے پاکستان نمٹ رہا ہے وہ ایک ملک نہیں بلکہ مافیا بن گیا ہے، معید یوسف نے میڈیا بریفنگ میں انکشاف کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں یورپی اراکین کا دورہ ''را'' اسپانسرڈ تھا، بھارتی نیٹ ورک نے یورپی ایم پیز کو پاکستان کے خلاف اکسایا تھا۔
معید یوسف کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ بھارتی نیٹ ورک نے یورپی یونین کا جعلی لیٹر ہیڈ بھی استعمال کیا پھر پورے تھنک ٹینکس کھڑے کیے گئے اور 'یو این' کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا۔
یاد رہے کہ بھارت پر نئی دہلی میں سیکڑوں جعلی ویب سائٹس بنانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بھارت پر عالمی نشریاتی اداروں کو بھی استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اپنی شر پسندی اور مودی کی اقلیتوں کے خلاف پالیسی کی وجہ سے دنیا بھر کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے، مودی سرکار کی جانب سے نافذ نئے زرعی کالے قانون کیخلاف بھارت بھر کے سِکھ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور گزشتہ کئی روز سے نئی دہلی کے قریب دھرنا دیئے بیٹھے ہیں تاہم کئی مغربی اور مشرقی ممالک بھارت کے اس عمل پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔