دنیا بھر کی مقبول ترین سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے 2020 کی سب سے مقبول ترین ٹوئٹس کی فہرست جاری کر دی ہے۔
ٹوئٹر کی جاری کردہ فہرست کے مطابق جن ٹوئٹس کو سال 2020 میں سب سے زیادہ پسند اور شئیر کیا گیا ان میں پہلے نمبر پر ہالی ووڈ اداکار چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ ہے۔
اس ٹوئٹ کو مقبول ہالی ووڈ اداکار چیڈوک بوسمین کے مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ لائیک اور شئیر کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر کے مطابق رواں برس 29 اگست کو بڑی آنت کے کینسر کے باعث موت کا شکار ہونے والے اداکار کی موت کی ٹوئٹ کو 76 لاکھ سے زائد بار پسند اور 24 لاکھ بار ری ٹوئٹ کیا جا چکا ہے، جو ٹوئٹر کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 2020 کی سب سے مشہور ٹوئٹ رہی ہے۔
ٹوئٹر کی جاری کردہ فہرست میں دوسرے نمبر پر جنوبی کوریا کے میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار کے گانے کی ویڈیو رہی، جسے اب تک 22 لاکھ بار ری ٹوئٹ کیا جاچکا ہے۔
2020 کی مقبول ترین ٹوئٹس کی فہرست میں تیسرے نمبر پر سابق امریکی صدر براک اوباما کی ایک ٹوئٹ اور لائیک کی جانے والی ٹوئٹس میں تیسرے نمبر پر خلانوردوں کے خلا میں جانے کی ٹوئٹ شامل ہے، جس کو 35 لاکھ مرتبہ پسند یعنی لائیک کیا جا چکا ہے۔