امریکہ نے اپنی دو اہم وزارتوں پر سائبر حملے کی تصدیق کر دی، خفیہ معلومات ہیک ہونے کا خدشہ۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کی وزارتِ خزانہ اور کامرس ڈیپارٹمنٹ پر سائبر حملہ ہوا ہے، امریکی حکومت نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دو اہم وزارتوں پر حملہ روسی ہیکرز کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم امریکی سائبر سیکیورٹی ایجنسی حملے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان 'جان الیوٹ' کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کو حملے سے متعلق تمام رپورٹس سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور صورتحال کو کنٹرول میں کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
امریکہ کی وزارتوں پر سائبر حملے سے متعلق امریکی سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملہ ممکنہ طور پر روس کی جانب سے کیا گیا ہے، تاہم امریکی انٹیلی جنس ایجنسی ''ایف بی آئی'' روسی انٹیلی جنس سروس ''ایس وی آر'' کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، اس حملے میں ملکی و غیر ملکی نجی و سرکاری سروسز کے تین لاکھ سے زائد کسٹمرز کا ڈیٹا خطرے میں ہے جن میں امریکی ملٹری، پینٹاگون، امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، ناسا، امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ سمیت وائٹ ہاؤس کا تمام خفیہ ڈیٹا اور دیگر معلومات شامل ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں اس حملے میں ہونے والے نقصانات اور ہیکرز سے متعلق تمام تر تفصیلات معلوم کر لی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ہی امریکہ کی سائبر سیکیورٹی اور انفرا اسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی (سی آئی ایس اے) کے ڈائریکٹر 'کرس کریبس' کو امریکی انتخابات میں دھاندلی کے دعوے کو مسترد کرنے اور شفاف انتخابات کی تصدیق کرنے پر عہدے سے بر طرف کر دیا تھا۔