کھیل ہی کھیل میں لاکھوں ریال کے قیمتی عنبر ہاتھ لگ گئے، سعودی بچے کو کھیلتے ہوئے لاکھوں ریال مالیت کے قیمتی عنبر مل گئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تبوک کے علاقے الوجہ کے جنوبی سمندری ساحل پر ایک بچے کو سمندر میں تیرتا ہوا قیمتی عنبر مل گیا جس کا وزن 15 کلو ہے، بچے کے والد محمود ابو سالم کے مطابق ان کے بیٹے عبد الرحمٰن کو کھیلتے ہوئے سمندری ساحل سے تیرتا ہوا قیمتی عنبر ملا ہے جو دکھنے میں بلکل پتھر جیسا ہے تاہم اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے 3 رنگوں سیاہ، سرمئی اور سرخ رنگ کے ہیں۔
بچے کے والد کے مطابق جب انہوں نے اس پتھر کے بارے میں تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ دراصل یہ ایک قیمتی عنبر کے ٹکڑے ہیں جن کی قیمت لاکھوں ریال میں ہے۔
محمود ابو سالم کا کہنا ہے کہ جب وہ عنبر کو تاجروں کے پاس بیچنے کے لیے لے گئے تو معلوم ہوا کہ مارکیٹ میں سرخ عنبر کی قیمت 170 ہزار ریال فی کلو ہے، مٹیالے رنگ کے عنبر کی قیمت 145 ہزار ریال فی کلو اور سیاہ رنگ کا عنبر 110 ہزار ریال فی کلو ہے، تاہم بچے کے کھیل ہی کھیل میں اس خاندان کی قسمت چمک گئی اور وہ لاکھوں ریال مالیت کے عنبر کے مالک بن گئے۔