اگر کسی گھر کا کوئی بھی فرد یا بچہ بچپن میں بچھڑ جاتا ہے اور کئی سالوں بعد وہ آپ کو کہیں اچانک مل جائے تو کیسا محسوس ہوتا ہوگا۔ ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا۔
برازیلیا: برازیل میں دس سال سے لاپتا شخص کی حلیہ تبدیل ہونے کے بعد تصویر وائرل ہوئی تو اہلخانہ نے اسے پہچان لیا، اہلخانہ یہ سمجھتے رہے کہ وہ مر چکا ہے، گیمیس نامی شخص عنقریب اہلخانہ سے ملاقات کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کے رہائشی شخص جویو کوئہو گیمیس 10 سال سے زائد عرصے سے لاپتا تھے، ہوا کچھ یوں کہ سوشل میڈیا پوسٹ نے اہلخانہ سے بچھڑنے والے گیمیس کو گھر والوں سے ملوادیا۔
گیمیس کے لاپتا ہونے کے بعد ان کے اہلخانہ کو ان کی موت کی خبر ملی اور وہ یہ سمجھتے رہے وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے، انہوں نے طویل عرصہ سڑکوں پر گزارا اور کچرا چُن کر زندگی کا گزر بسر کیا۔
ایک دن حجام کی دکان کے مالک الیسیندرو لوبو نے سڑک پر گزرتے ہوئے انہیں خراب حالت میں دیکھا تو دریافت کیا کہ آپ بھوکے ہیں کچھ کھانا چاہیں گے جس پر گیمیس نے انکار کردیا، الیسیندرو نے پھر پوچھا کہ کیا آپ میرے ساتھ چل کر داڑھی تراش کروانا پسند کریں گے۔
لوبو نے یہ ٹھان لیا کہ انہیں کسی بھی طرح سے اس شخص کی مدد کرنی ہے، بعدازاں وہ انہیں اپنے ہمراہ سیلون لے گئے، ان کے بال کاٹنے کے بعد ان کی داڑھی مونچھے تراشی گئیں، اس کے بعد لوبو نے گیمیس کو تحفے کے طور پر تین نئی ٹی شرٹس، ٹراؤزر، جیکٹ اور جوتے بھی دئیے۔
لوبو نے گیمیس کی پرانی اور نئی دونوں تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں تاکہ کوئی ان تصویروں کو دیکھے تو ان کی مدد ہوسکے، اہلخانہ نے انسٹاگرام پر ان کی فوٹو دیکھ کر مجھ سے رابطہ کیا اس طرح وہ طویل عرصے بعد اپنے اہلخانہ سے ملاقات کریں گے۔
سیلون کے مالک نے بتایا کہ گیمیس بہت کم گو اور شرمیلے ہیں لیکن وہ مطمئن ہیں اور انہوں نے میرا شکریہ بھی ادا کیا۔
لوبو نے مزید کہا کہ عنقریب کرسمس کا تہوار ہے، میری چھوٹی سی کوشش نے انہیں مسکرانے کا موقع دیا۔