عالمی وباء نئی شکل اختیار کر گئی، برطانیہ اور یورپی ممالک میں کورونا کی نئی قسم کی لہر پھیلنے کے باعث سعودی عرب کے بعد کویت نے بھی بین الااقوامی پروازوں پر پابندی عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست سعودی عرب اور کویت کورونا کی نئی قسم پھیلنے پر متحرک ہو گئے، برطانیہ اور یورپی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیلنے پر سعودی عرب اور کویت کی جانب سے ایک ہفتے کے لیے بین الااقوامی پروازوں کی معطلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، سعودی اور کویت حکام کا کہنا ہے کہ پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ مہلک وبا کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جبکہ ساتھ ہی حکومت نے زمین اور سمندری راستے بھی عارضی طور پر بند کر دئیے ہیں۔
اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وہ افراد جو 8 دسمبر 2020 کے بعد کسی بھی ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہوئی ہے وہ دو ہفتے کے لیے خود کو گھروں میں قرنطینہ کر لیں اور لازمی کورونا ٹیسٹ کروائیں۔
بین الااقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی ممالک اور برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس سے متعلق اب تک حتمی معلومات بھی حاصل نہیں ہوسکی ہیں، تاہم گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی نئی لہر سامنے آنے کے باعث یورپی ممالک اور برطانیہ میں کورونا کیسز کی تعداد میں اچانک تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے۔
کویت اور سعودی عرب نے نئے پھیلنے والے وائرس سے اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، نیدرلینڈ، اٹلی اور ہالینڈ پہلے بھی عالمی وباء کے باعث برطانیہ پر سفری پابندیاں لگا چکے ہیں تاہم اسرائیل، جرمنی اور فرانس بھی اب برطانیہ اور یورپ کے لئے فضائی، سمندری اور بری سرحدوں کو بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔