گدھی کا دودھ کورونا کا علاج قرار، کیا ایسا ممکن ہے یہ معلوم تو نہیں ہو سکا مگر دودھ کی مانگ میں بے حد اضافہ ہو گیا۔
البانیہ میں گدھی کے دودھ کو کورونا کا علاج قرار دیے جانے کے بعد مانگ میں اچانک اضافہ، فارم ہاؤس کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ملک البانیہ میں اچانک گدھی کے دودھ کی مانگ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا، لوگوں کی بڑی تعداد اس بات پر یقین رکھنے لگی ہے کہ گدھی کے دودھ سے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچنا ممکن ہے، اور اس دودھ سے وائرس سے محفوظ رہنے میں بے حد مدد ملتی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق گدھی کے دودھ کی مانگ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد باقاعدہ قطار بنا کر گدھی کا دودھ خرید رہی ہے، 'دی اسٹریٹس ٹائمز' نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ فارم ہاؤسز کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد ہاتھ میں خالی بوتلیں لے کے جمع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے گدھی کے دودھ کی مانگ کو پورا کرنا باقاعدہ مسئلہ بن گیا ہے۔
یورپی ملک البانیہ کے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گدھی کا دودھ وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے، جو انسانی جسم میں قوت مدافعت بڑھانے میں معاون و مدد گار بھی ثابت ہوتا ہے البتہ یہ کورونا سے بچنے کے لئے مفید ہے یا نہیں اس بارے میں اب تک کوئی سائنسی تحقیق سامنے نہیں آئی ہے، تاہم گدھی کے دودھ کی مانگ میں اچانک اضافے کے باعث کاروباری حضرات فارم ہاؤسز میں گدھوں کی افزائشِ نسل پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں اور یہ البانیہ کا ایک منافع بخش کاروبار بن گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی فارم ہاؤس کے مینیجر 'ایلٹن ککیا' نے غیر ملکی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گدھی کے دودھ کی مانگ میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے ملنے والے آرڈرز کو پورا کرنا ہمارے لیے باقاعدہ ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔