کورونا وائرس کی نئی قسم جنوبی افریقہ سے برطانیہ میں آئی ہے، برطانوی وزیرِ صحت کا دعویٰ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ نے جنوبی افریقہ پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں، برطانیہ کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی قسم کا پھیلاؤ جنوبی افریقہ سے ہوا ہے، اس حوالے سے برطانیہ کے وزیرِ صحت میٹ ہینکوک کا دعویٰ ہے کہ برطانیہ میں جنوبی افریقہ سے کورونا کی نئی قسم منتقل ہوئی اور اس سے برطانیہ کے دو افراد متاثر ہوئے۔
انہوں نے برطانیہ کے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ حال ہی میں جنوبی افریقہ سے آئے لوگوں سے احتیاط کریں اور اگر ان سے ملاقات کر چکے ہیں تو خود کو قرنطینہ کر لیں۔
برطانوی وزیرِ صحت میٹ ہینکوک نے یہ واضح کیا ہے کہ کورونا کی یہ نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اور اس کے اثرات بھی کئی گنا زیادہ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے تاہم کورونا کی یہ نئی قسم ایسے وقت میں برطانیہ میں آئی ہے جب کورونا سے جان چھڑانے کے لئے بنائی گئی ویکسین کو لوگوں تک فراہم کرنے کا عمل طویل انتظار کے بعد شروع ہوا تھا، تاہم ماہرین نے خدشہ طاہر کیا ہے کہ کورونا کی یہ نئی قسم انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اور یہ برطانیہ کے مختلف علاقوں میں بے حد تیزی سے پھیل رہی ہے۔
یاد رہے کہ کورونا کی نئی قسم کے پھیلنے کے خدشات کے پیشِ نظر پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کر دیں ہیں۔