یوں لگتا ہے جیسے رواں سال عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب ہر کسی کے کانوں نے محض بری خبریں ہی سنیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ سال 2020 میں دنیا بھر کی مشہور شخصیات کی جانب سے اسلام قبول کرنے کی اچھی خبریں بھی سامنے آئیں۔
آئیں آپ کو بتاتے ہیں کہ وہ 5 مشہور اور اہم شخصیات کون سی ہیں جنہوں نے اس سال اسلام قبول کیا اور مسلمان ہو گئے۔
نو مسلم کورین یوٹیوبر اور سابقہ پاپ گلوکار کم داؤد کی بیوی میا
عیسائی مذہب کو 2019 میں خیرآباد کہنے والے جنوبی کوریا کے سابق گلوکار اور یوٹیوبر کی اہلیہ میا بھی رواں برس اسلام قبول کر کے مسلمان ہوگئیں۔ اس سال نومبر کے مہینے میں کم داؤد نے my wife became a muslim کے ٹائٹل سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ داؤد کم میا کو کلمہ شہادت پڑھا رہے ہیں۔
کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل
2020 کے آغاز میں لمبا عرصہ پاکستان میں گزارنے والی کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل نے اپنے مسلمان ہونے کا اعلان کیا۔ کینیڈین ٹریول بلاگر روزی نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا اور کہا کہ ''گزشتہ ایک دہائی سے مسلم ممالک میں سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے''۔
نیدر لینڈ سے تعلق رکھنے والی باکسنگ چیمپئن روبی جیسیا میسیو
نومبر میں ''دی لیڈی ٹائیسن'' اور ''کک باکسر'' کے نام سے جانی جانے والی نیدر لینڈ کی باکسنگ چیمپئن روبی جیسیا نے مسجد میں گواہوں کی موجودگی میں اسلام قبول کیا۔ عیسائی مذہب چھوڑ کر دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی روبی جیسیا نے اپنے مسلمان ہونے کا اعلان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کیا۔
یوٹیوبر جے جارج ولیم پلفر
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مایاناز یوٹیوبر جے جارج ولیم پلفری نے 2020 کے ستمبر میں دورہ ترکی کے دوران دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ''میں مسلمان ہوگیا'' کے عنوان سے ایک ویڈیو شئیر کی۔ ویڈیو میں جارج کو استنبول کی سلیمانیہ مسجد میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔
سوئیڈش باکسر بڈو جیک
2020 کے اگست میں سوئیڈن کے پروفیشنل مشہور باکسر بڈو جیک نے اپنے سابق عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن مائیک ٹائسن اور عامر عبداللہ کے ساتھ نماز پڑھتے ہوئے تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی۔ پوسٹ میں یہ مائیک ٹائسن کے جم پر عبادت کر رہے ہیں۔
٭ اس اسٹوری کے حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں لازمی کریں۔