کہتے ہیں کہ اللہ کے نیک بندے ہر جگہ اس کی مخلوق کی مدد کرنے کو موجود ہوتے ہیں، اللہ پاک کسی کو وسیلہ بناتا ہے جس کے ذریعے ضرورت مند افراد کی مدد ہوتی ہے۔ ایسے ہیرو ہر شعبہ میں موجود ہوتے ہیں پھر چاہے وہ فوج کے اہلکار ہوں جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ملک اور قوم کی حفاظت کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں یا کوئی ڈاکٹر جنہیں لوگوں کا مسیحا سمجھا جاتا ہے۔
بہت سے افراد اچھے اور نیک کام اس لیے نہیں کرتے تاکہ انہیں کسی کی تعریف ملے یا لوگ انہیں سراہیں، بلکہ ان کے مطابق یہ عمل درست ہے اور وہ محض اللہ کی خاطر اسے سرانجام دیتے ہیں۔
آج ہم آپ کو ایسے ہی لوگوں میں سے ایک شخص کی کہانی بتانے والے ہیں جو کہ ڈاکٹر ہیں۔
پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر 'عمر عتیق' نے ایک ایسا کام کیا جسے سن کر ہر کسی کی زبان سے ماشاءاللہ نکلا۔ کرسمس کے تہوار کے موقع پر انہوں نے مریضوں کو ان کا بھاری بل ادا کر کے ایک شاندار تحفہ دیا۔
ڈاکٹر عمر عتیق نے ان مریضوں کے گھر کارڈ پر لکھا پیغام بھیجا کہ ''آپ کا بل ادا ہو چکا ہے''۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمر امریکی ریاست Arkansas کے شہر Pine Bluff میں ایک کینسر اسپتال کے بانی ہیں، انہوں نے کرسمس کے تہوار پر 200 مریضوں کو ان کے بل ادا کر کے ایک بڑا تحفہ دیا۔ جو بل انہوں نے ادا کیا اس کی مالیت $650,000 تھی جو کہ پاکستانی 104,645,320 روپے بنتے ہیں۔
The Arkansas Cancer Clinic کی جانب سے مریضوں کو موصول ہونے والے کارڈ میں درج تھا کہ امید کرتے ہیں کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ اس کلینک کو بطور مریض آپ کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آپ کے تمام بل معاف کیے جاتے ہیں۔ چھٹیوں کا موسم خوشی سے منائیں۔
تاہم اس حوالے سے ڈاکٹر عتیق کا کہنا ہے کہ ''میرا نہیں خیال کہ اس قسم کا قدم اٹھانے کے لیے مجھے کوئی اور اچھا وقت ملتا۔ اس عالمی وبا کے دوران کئی لوگوں کو مالی طور پر مشکلات کا سامنا ہوا''۔
انہوں نے کہا کہ ''ہم نے سوچا ہم یہ کر سکتے ہیں اور چونکہ ہم یہ ہی کرنا چاہتے تھے تو ہم نے بالآخر یہ کر دکھایا''۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ بیمار ہونا مشکل بات ہے، کینسر ہونا مزید مشکل جبکہ اس عالمی وبا کے دوران کینسر ہونا بدترین ہے''۔
انہوں نے کہا کہ ''میں ایک عام انسان ہوں، اور عام سا ڈاکٹر ہوں۔ مجھے لگا یہ مریض بل نہیں ادا کر سکتے تو ہم نے سوچا کیوں نا ہم ادا کر دیں''۔
ڈاکٹر عمر عتیق نے مزید کہا کہ ''میں شکر گزار ہوں کہ مجھے یہ موقع ملا''۔
٭ اس اسٹوری کے حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر لازمی کریں۔