کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ سب سے زیادہ اچھا اور خراب پاسپورٹ دنیا کے کون سے ممالک کا ہے؟ فہرست دیکھیں

image

اپنے ملک سے کسی بھی دوسرے ملک جانے کے لیے ہمیں پاسپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے تاہم کچھ ممالک کے پاسپورٹ کو اچھا یعنی طاقتور سمجھا جاتا ہے اور کچھ ممالک کے پاسپورٹ ہلکے تصور کیے جاتے ہیں۔ اس سے مراد یہ کہ اگر آپ کے پاسپورٹ پر سب سے زیادہ ممالک میں جایا جا سکتا ہے تو آپ کا پاسپورٹ اچھا ہے، اور جتنے کم ممالک میں جانے کی اجازت ہو گی، پاسپورٹ اتنا کمزور مانا جائے گا۔

ہر سال کی طرح اس سال کے آغاز پر بھی ہینلے انڈیکس نے 2021 کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی ہے۔

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ

جاپان

جی ہاں! دنیا کا سب سے طاقتور ترین پاسپورٹ جاپان کے پاس ہے۔ جاپان کے شہری 191 ملکوں میں بغیر ویزا سفر یا ایئرپورٹ پہنچتے ہی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

سنگاپور

بہترین پاسپورٹ کی فہرست میں سنگاپور دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں کے شہری 190 ممالک میں یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

جنوبی کوریا

جنوبی کورین پاسپورٹ 189 ممالک کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

تاہم ویزا فری یا کسی جگہ پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے والے پاسہورٹ کی اس فہرست میں اٹلی، فن لینڈ، اسپین اور لگسمبرگ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جن کے شہریوں کو 188 ممالک میں یہ سہولت دستیاب ہے۔

اس کے علاوہ 187 ممالک کے ساتھ ڈنمارک اور آسٹریا کے پاسپورٹس 5 ویں نمبر پر ہیں۔

سوئیڈن، فرانس، پرتگال، نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے پاسپورٹس کے حامل افراد 186 ملکوں میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

185 ممالک میں یہ سہولت حاصل کرنے والے پاسپورٹس سوئٹزرلینڈ، امریکا، برطانیہ، ناروے، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کے شہریوں کے پاس ہیں، جبکہ یونان، مالٹا، چیک ریپبلک اور آسٹریلیا کے پاسپورٹس اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے۔

کینیڈین پاسپورٹ 183 ممالک کے ساتھ 9 ویں جبکہ ہنگری کا پاسپورٹ اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی متحدہ عرب امارات نے کی ہے جو 2006 میں اس فہرست میں 62ویں نمبر پر موجود تھا لیکن اب یہ 16 ویں نمبر پر ہے۔

جن ملکوں کے شہریوں کو سب سے کم ملکوں میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ہی ویزا کی سہولت میسر ہے ان میں پہلے اور دوسرے نمبر پر افغانستان اور عراق کے شہری شامل ہیں۔جن کو 26 اور 28 ملکوں میں یہ سہولت حاصل ہے، جبکہ شام کے پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 29 ملکوں میں اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

چوتھے نمبر پر پاکستان کھڑا ہے جس کے پاسپورٹ پر 32 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ملتی ہے جبکہ صومالیہ اور یمن کے پاسپورٹس کے حصے میں مشترکہ طور پر 5 واں نمبر آیا۔

فلسطین کا پاسپورٹ چھٹے، لیبیا اور نیپال کے پاسپورٹ مشترکہ طور پر 7 ویں جبکہ شمالی کورین پاسپورٹ 8 واں نمبر پر ہے۔


About the Author:

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts