کیا آپ ذہن کی آزمائش کرنے والے اس حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے کے بارے میں جانتے ہیں؟

image

کون سا راستہ کہاں جاتا ہے؟ کچھ سمجھ ہی نہ آئے، جانیں چین کے حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے کے بارے میں جس جو دیکھ کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔

یوں تو چین اپنے حیرت انگیز تعمیراتی منصوبوں کے لیے مشہور ہے اور چین میں ہر جگہ شاہراؤں، فلائی اوورز کا جال بچھا ہوا ہے، تاہم چین کا ایک منصوبہ ایسا بھی ہے جس میں کون سا فلائی اوور کس جانب جا کر کس روڑ پر ملتا ہے کچھ سمجھنا یا سمجھانا مشکل ہی لگتا ہے۔

چین کے پہاڑی صوبے گوئیژو کا چیان چن انٹرچینج ذہن گھما دینے والا ایک منصوبہ ہے جو کسی رولر کوسٹر کی طرح اس پر سفر کرنے والے کی ذہنی صلاحیت کا امتحان لیتا دکھائی دیتا ہے۔

چیان چن نامی اس انٹرچینج کی تعمیر اس صوبے کے شہر چنگ چونگ میں 2009 میں شروع ہوئی تھی اور 2017 میں اسے ٹریفک کے لیے کھولا گیا۔

شاید آپ یقین نہ کر سکیں کہ یہ انٹرچینج 5 منزلہ یا لیولز پر مشتمل ہے، ان 5 لیولز میں مجموعی طور پر 18 مختلف ریمپس ہیں جو 8 مختلف راستوں کی جانب جاتے ہیں اور اس کا بلند ترین ریمپ زمین سے 37 میٹر بلند ہے۔

اس انٹرچینج پر سفر کرنے والے بیشتر ڈرائیورز کو اگر راستہ یاد نہ ہو تو ان کے لیے اسمارٹ فون پر ڈیجیٹل نقشے کی مدد لینا ضروری ہوجاتا ہے، ورنہ راستہ بھولنے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

جب یہ حیرت انگیز انٹرچینج تعمیر ہوا تھا تو اس کے چند ماہ بعد ہی سوشل میڈیا پر لوگوں نے نشاندہی کی تھی کہ اکثر جی پی ایس سسٹم بھی 5 مختلف لیولز کے باعث الجھن کا شکار ہو جاتا ہے اور راستہ بتانے سے قاصر ہو جاتا ہے۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس انٹرچینج پر راستوں کی سمت اور باہر نکلنے کے راستوں کی واضح نشاندہی کی گئی ہے۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ڈرائیور غلط سمت پر چڑھ بھی جائے تو بھی ایک کلو میٹر سے بھی کم فاصلے پر اس کے پاس درست سمت پر جانے کا آپشن موجود ہوتا ہے، اور اس مقصد کے لیے 15 ریمپس موجود ہیں جو گاڑیوں کو ایک سے دوسرے لیول پر جانے میں مدد دیتے ہیں۔

تاہم 16 ہزار میٹر طویل اس انٹرچینج کا مقصد چنگ چونگ کی بڑھتی آبادی کو شہر کے مرکز، ایئرپورٹ اور ایکسپریس وے سے منسلک کرنا ہے کیونکہ اس کا ہر ریمپ ایک مختلف علاقے کی جانب لے جاتا ہے جس سے شہریوں کو طویل سفر کم وقت میں مکمل کرنے کی سہولت ملتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ ایسا پیچیدہ انٹرچینج ہے جسے اپنی اپنی منازل کی جانب بڑھنے والے ڈرائیور کے بھیانک خواب کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔


About the Author:

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts