امریکی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر پر ’بغیر وجہ‘ حملہ، انڈین نژاد شخص گرفتار

image

امریکی شہر فلاڈیلفیا سے میامی جانے والی فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز میں انڈین نژاد امریکی شہری ایک مسافر پر اچانک حملہ آور ہو گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کر لیا گیا۔

اخبار نیو یارک پوسٹ کے مطابق 21 سالہ ایشان شرما نامی شخص نے ’بغیر کسی وجہ کے‘ اپنے ساتھی مسافر پر حملہ کیا۔

پرواز کے دوران ہی مسافر کیونو ایوانز نے جواب میں ایشان شرما کو مارا پیٹا جس کے نتیجے میں ان کی آنکھ اور چہرے پر زخم آئے۔

نیو یارک پوسٹ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فلائٹ نے فلاڈیلفیا ایئرپورٹ سے اڑان بھری تو ایشان شرما نے اگلی سیٹ پر بیٹھے مسافر پر حملہ کر دیا۔

موبائل فون پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو مسافر ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہیں جبکہ دیگر مسافر اور عملہ انہیں چھڑانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ویڈیو میں پیچھے سے ایک اور مسافر کو کہتے سنا جا سکتا ہے، ’جانے دو۔ رک جاؤ۔ جانے دو۔ سر آپ بیٹھ جائیں۔‘

متاثرہ شخص کیونو ایوانز نے میڈیا کو بتایا کہ ایشان شرما ان کی سامنے والی سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے، عجیب وغریب گفتگو کر رہے تھے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔

کیونو ایوانز نے مزید بتایا کہ ایشان شرما نے اچانک حملہ کیا اور انہیں گلے سے پکڑ لیا۔

فلائٹ کے میامی ایئر پورٹ پر لینڈ کرتے ہی ایشان شرما کو تشدد اور طاقت کے غیرقانونی استعمال کے الزامات پر گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم کے وکیل کا کہنا ہے کہ ایشان شرما اپنی عبادت میں مصروف تھے اور ساتھی مسافر کو ’بدقسمتی سے ان کا ایسا کرنا اچھا نہیں لگا۔‘

تاہم جج نے وکیل کی جانب سے دی گئی صفائی پر اطمینان نہ ظاہر کرتے ہوئے 500 ڈالر کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی اور متاثرہ شخص سے رابطہ، اس کے سکول، یا دفتر کے ارد گرد جانے سے روکا۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts