سعودی عرب میں طوفان کا خدشہ، مختلف راستے بند۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں جدہ محکمہ ٹریفک نے میونسپلٹی کے حکم پر ساحل سمندر جانے والے راستے سمندری طوفان کے پیش نظر بند کر دیے ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ ٹریفک کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ سی فرنٹ ٹریفک متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے، تاہم ٹریفک اہلکار گاڑیوں کے ڈرائیورز کو متنبہ کررہے ہیں کہ سمندر میں طغیانی کے باعث ساحل پر جانا خطرے سے خالی نہیں ہے لہٰذا سمندر جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے ٹوئٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ سے پیغام دیا ہے کہ جدہ محکمہ ٹریفک کے اہلکار ساحل سمندر جانے والے راستے بند کرکے متبادل راستوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ ٹریفک کی جانب سے عوام کو پیغام ہے کہ مذکورہ راستے استعمال کرنے سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔