انسان کبھی کبھار اتنی بڑی بیوقوفی کر بیٹھتا ہے جس کا نقصان اسے بعد میں بھاری قیمت میں اٹھانا پڑتا ہے۔
ان دنوں سوشل میڈیا صارفین نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی بے وقوفی پر اسے کوس رہے ہیں تو وہیں اس کا خوب مذاق بھی اڑا رہے ہیں کیونکہ قیمت معلوم نہ ہونے کی وجہ سے اس شخص نے ہاتھ آئی نایاب مہنگی مچھلی پکا کر کھالی۔
سوشل میڈیا پر موجود ایک رپورٹ کے مطابق نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ریورز اسٹیٹ کے اندونی لوکل گورنمنٹ ایریا سے ’بلیو مارلن‘ مچھلی پکڑی۔ مذکورہ شخص اور اس کے گاؤں والے مچھلی کی قیمت سے لاعلم تھے تاہم انہوں نے اسے پہلے مار دیااور پھر پکا کر مزے سے چٹ کر گئے۔
بلیو مارلن مچھلی کی فی پاؤنڈ قیمت تقریباً 31000 ڈالر ہے اور اس حساب سے جتنی وزنی مچھلی اس نے پکڑی تھی اس کی کل مالیت 26 لاکھ امریکی ڈالر ہوتی اور اتنے پیسے اس شخص کی آنے والی نسلوں کیلئے بھی کافی ہوتے لیکن نائجیرین شہری کی بدقسمتی تھی کہ وہ اسے پکا کر کھا گیا۔
خیال رہے کہ بلیو مارلن مچھلی کھلے سمندر کی تیز ترین اور طاقتور ترین مچھلیوں میں سے ایک ہے جس کا وزن 820 کلو گرام تک اور لمبائی 16 فٹ تک ہوسکتی ہے۔