سوشل میڈیا پر آئے دن کئی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوتی ہیں جن سے کسی بھی شخص کے انصاف ملنے کا معاملہ جڑا ہوتا ہے۔ ایسا ہی کچھ گزشتہ روز ہوا جب ایک خاتون کی ویڈیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ہلچل مچا دی۔
بھارت کے شہر بنگلور میں ماڈل اور میک آپ آرٹسٹ ہیتیشا چندرانی کی جانب سے پولیس کو شکایت کی گئی کہ ڈلیوری بوائے نے اس پر تشدد کیا جس پر پولیس نے ملزم کو فوری گرفتار کر لیا تھا۔
اس حوالے سے بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم ڈلیوری بوائے کامراج نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا جس میں تمام الزامات کی تردید کر دی۔
بیان میں ملزم نے کہا کہ سڑک کی خرابی اور ٹریفک جام کی وجہ سے کھانا پہنچانے میں تھوڑی دیر ہوگئی تھی جس کی میں نے ہیتیشا چندرانی سے معافی مانگی لیکن اس نے آرڈر کینسل کرنے کے باوجود وہ کھانا مجھ سے لے لیا اور پیسے دینے سے بھی انکار کر دیا۔
کامراج کا کہنا تھا کہ میں نے اس خوف سے کہ میں نے کمپنی کو رقم نہیں دی تو اس کی ادائیگی مجھے کرنی پڑے گی اس سے التجا کی کہ وہ اس آرڈر کی ادائیگی کردے جس پر اس نے مجھے ایک “غلام” کہہ کر پکارا۔
ڈلیوری بوائے نے مزید بتایا کہ چندرانی نے اس کے ساتھ بہت بدتمیزی کی اور اس کے پیچھے لفٹ تک چلی گئی اس دوران اس نے مجھے چپل مارنا شروع کردی اپنے بچاؤ کیلئے میں نے اس کا ہاتھ روکنے کی کوشش کی تو اس کی انگوٹھی اسی کی ناک پر جالگی جس سے اس کی ناک سے خون نکلنے لگا۔
کامراج نے کہا کہ میں دو سال سے زیادہ عرصے سے یہ کام کر رہا ہوں اور یہ پہلا موقع ہے کہ جب مجھے اس طرح کی آزمائش سے گزرنا پڑا۔
دوسری جانب مذکورہ خاتون ہیتیشا چندرانی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم کامراج کے الزام کی سختی سے تردید کی ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسے چپل نہیں ماری اور میری انگوٹھی بھی ایسی نوک دار یا سخت نہیں کہ اس سے ناک پر اتنی گہری چوٹ لگے۔
اس حوالے سے ہمیں اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں، ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ کر کے بتائیں۔