گذشتہ برس سیالکوٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پریانتھا کمارا جاں بحق ہوئے جس کا دُکھ آج بھی لوگوں کے دلوں میں موجود ہے۔
پاکستانی حکومت نے جیسا کہ اعلان کیا تھا کہ وہ پریانتھا کے اہلخانہ کے ہمراہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
اب وزیراعظم کے معاون خصوصی کا بیان سامنے آیا ہے جس کے مطابق ایک لاکھ ڈالر کے فنڈ اور 1667 ڈالر کی پہلی تنخواہ پریانتھا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی ہے،اور آئندہ دس سال تک ان کے اکاؤنٹ میں تنخواہ جاتی رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن شہری پریانتھاکماراکی فیملی کے لئے وزیراعظم کےاعلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ایک لاکھ ڈالر کے فنڈ اور 1667 ڈالر کی پہلی تنخواہ پریانتھا کی بیوہ کو منتقل کردی گئی، فنڈ اور تنخواہ راجکو انڈسٹریز نے بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی ہے، 10سال تک تنخواہ بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی رہےگی، فنڈ اور 10سال تک تنخواہ کا وعدہ کمپنی نے کیا اور اعلان وزیراعظم نے کیا تھا۔
ڈاکٹر شہباز گل نے اکاونٹس کی تفصیلات بھی جاری کیں، جس کے مطابق سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پریانتھاکی بیوہ اوربچوں کیلئے 1 لاکھ ڈالر جمع کئے جبکہ راجکو انڈسٹریز انتظامیہ کی جانب سے بھی پریانتھا کمارا کی تنخواہ ڈالر میں فیملی کو ارسال کروائی۔