عالم دین مولانا طارق جمیل کی جانب سے 49 ارب روپے چھپانے پر اکاؤنٹس منجمد ہونے کی خبروں پر مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے اہم بیان جاری کردیا۔
دو روز سے سوشل میڈیا پر مولانا طارق جمیل کے اثاثے منجمد کرنے کی خبریں چلنے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے معروف عالم دین سے اثاثے سامنے لانے کے مطالبات کے بعد ان کے بیٹے نے بھی اپنا وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
یوسف جمیل کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں اور ان خبروں کا دور دور تک حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ مولانا طارق جمیل پاکستان کے مشہور عالم دین ہیں، اُن کا تعلق خانیوال سے ہے ، اُن کی تبلیغی کوششوں کے باعث بہت سے گلوکار، اداکار اور کھلاڑی دین اسلام کی طرف راغب ہوچکے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے داخلہ لیا، دورانِ تعلیم تبلیغی جماعت سے متعارف ہوئے اور پھر اُس سے متاثر ہوکر مذہبی تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ عربیہ رائے ونڈ میں داخلہ لیا۔
طارق جمیل اپنے اندازِ بیان کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ 6 براعظموں کا سفر کیا ہے۔ اُن کے مقتدین کی جانب سے اُن کے بیانات انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس پر پیش کیے جاتے ہیں۔
حالیہ کچھ دنوں میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مولانا طارق جمیل کے اکاؤنٹس کے حوالے سے جعلی خبریں چلائی جارہی ہیں جس پر ان کے بیٹے کی وضاحت بھی سامنے آگئی ہے۔