ترکی میں 7.8 شدت کے زلزلے میں متعدد عمارتیں زمین بوس، کم از کم 17 افراد ہلاک

شام کی سرحد کے قریب واقع ترکی کے جنوب مشرقی علاقے غازی انتیپ میں زلزلے سے کم از کم 17 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکی جیولاجیکل سروے کا کہنا ہے کہ مقامی وقت صبح چار بج کر 17 منٹ پر 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کی گہرائی غازی انتیپ شہر کے قریب 17.9 کلو میٹر ہے۔
ترکی، زلزلہ
Getty Images
ترک شہر مالاطیہ میں رہائشی عمارتوں کا ملبہ

شام کی سرحد کے قریب واقع ترکی کے جنوب مشرقی علاقے غازی انتیپ میں زلزلے سے کم از کم 17 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی جیولاجیکل سروے کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بج کر 17 منٹ پر 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کی گہرائی غازی انتیپ شہر کے قریب 17.9 کلو میٹر ہے۔

ترک وزیر داخلہ سليمان صويلو نے کہا ہے کہ زلزلے سے 10 شہروں میں تباہی ہوئی ہے جن میں غازی انتیپ، قہرمان مرعش، حطائے، عثمانیہ، آدیامان، مالاطیہ، شانلیعرفا، آدانا، دیار بکر اور کیلیس شامل ہیں۔

حکام نے تاحال 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اسے دارالحکومت انقرہ اور دیگر ترک شہروں کے علاوہ قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیا گیا۔

زلزلے سے متعدد عمارتیں گِر گئی ہیں جبکہ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اندر لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

ترک ہلال احمر نے مقامی چینلوں کو بتایا ہے کہ وہ عالمی مدد کے منتظر ہیں۔

شام اور لبنان سے بھی عمارتیں تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ زلزلے کے مقام سے قریب 450 کلو میٹر دور لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک طالبعلم نے بتایا کہ ’میں کچھ لکھ جا رہا تھا کہ اچانک پوری عمارت کانپ اُٹھی۔

’مجھے لگا کہ پھر کوئی دھماکہ ہوا ہے۔ میں کھڑکی کے قریب کھڑا تھا اور مجھے ڈر تھا کہ یہ ٹوٹ جائے گی۔ زلزلے کے چھٹکے چار سے پانچ منٹ تک جاری رہے اور یہ خوفناک منظر تھا۔‘

ترک، زلزلہ، فوج
EPA
دیار بکر میں عمارت گِرنے کے بعد ترک فوجی ملبہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں

دیار بکر میں بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ شہر میں ایک شاپنگ مال گِر کر تباہ ہوگیا ہے۔

غزہ کی پٹی میں بی بی سی کے پروڈیوسر رشدی ابو العوف کہتے ہیں کہ جس گھر میں وہ رہ رہے تھے وہ 45 سیکنڈز تک ہلتا رہا۔

عثمانیہ کے گورنر نے کہا ہے کہ صوبے میں 34 عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔ آن لائن ترکی سے ایسی متعدد ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں رہائشی عمارتیں گرتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔ جبکہ امدادی کارکنان بچنے والوں کی تلاش میں ہیں۔

ادھر ترکی میں مقیم زلزلے کے ماہرین کے اندازوں کے مطابق زلزلے کی شدت 7.4 تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ ہی منٹوں بعد ایک دوسرا زلزلہ آیا تھا۔

ترکی دنیا کے سب سے زیادہ فعال زلزلے والے علاقوں میں سے ایک میں واقع ہے۔

یاد رہے کہ سال 1999 کے دوران ترکی کے شمال مغربی علاقے میں ایک بڑے زلزلے میں 17 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.