پسند کی شادی کیلئے اکثر لوگوں کو کئی پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں لیکن کئی بار قسمت کی دیوی پیار کرنے والوں پر ایسے مہربان ہوتی ہے کہ اچانک سے بات شادی تک پہنچ جاتی ہے، ایسا ہی ایک واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں پولیس نے پہلے نوجوان کی خوب پٹائی کی پھر دلہا بنا کر شادی کروائی۔
ایشا نامی خاتون نے اپنی انوکھی شادی کے حوالے سے بتایا کہ حمزہ اور میں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، ایک روز حمزہ مجھ سے ملنے کیلئے میرے گھر تک آگئے ۔ اس وقت بجلی نہیں تھی تو مجھے بلانے کیلئے دروازہ کھٹکھٹانے کے بجائے انہوں نے دروازے کو کنکر مارنا شروع کردیئے۔
حمزہ اپنی دھن میں کنکر مارنے میں مگن تھے تو قریب موجود پولیس نے انہیں دیکھ لیا اور اندھیرے میں چور سمجھ کر انہیں خوب مارا پیٹا اور بعد میں گھر کے اندر لاکر بھی مارا۔
حمزہ کی طرف سے حقیقت بتانے کے بعد ایشا کے والد اور پولیس نے ملکر دونوں کی شادی کروانے کا فیصلہ کیا اور اسی وقت مولوی کو بلاکر دونوں کا نکاح کروادیا گیا اور اس انوکھی شادی میں گواہوں کے فرائض پولیس نے انجام دیئے۔
ایشا نے بتایا کہ حمزہ یتیم ہیں لیکن ایک با کردار اور محنتی انسان ہیں اور ان کی آمدن بھی اچھی ہے تو ان چیزوں کی وجہ سے والد صاحب نے ہماری شادی کروادی۔
انہوں نے کہا کہ میرا بھی ارمان تھا کہ ہماری شادی دھوم دھام سے ہوتی لیکن ایک واقعہ کی وجہ سے ایسے اچانک ہمارا نکاح ہوگیا۔