نئے چیئرمین نیب کا تقرر، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کون ہیں؟

image
حکومت نے آفتاب سلطان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) تعینات کر دیا ہے۔

آفتاب سلطان نے 21 فروری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی جگہ ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

سنیچر کو وزارت قانون کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کا تقرر تین سال کی مدت کے لیے کیا گیا ہے۔‘

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کا تقرر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد کیا گیا ہے۔‘

’لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کی تعیناتی نیب ترمیمی آرڈیننس 1999 کی شق 6 کے تحت کی گئی ہے۔‘

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ کون ہیں؟لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ اپریل 2016 سے دسمبر 2016 تک نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی(این ڈی یو) کے 30 ویں صدر بھی رہ چکے ہیں۔

نذیر احمد بٹ نے 1983 میں 40 فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور پھر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اور این ڈی یو سےتعلیم حاصل کی۔

وہ کور کمانڈر پشاور علاوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈر اور سابق قبائلی علاقوں(فاٹا) میں ایک انفینٹری ڈویژن کو بھی کمانڈ کر چکے ہیں۔

نذیر احمد بٹ نے 1983 میں 40 فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)

سنہ 2014 میں نذیر احمد بٹ کو بطور لیفٹیننٹ جنرل ترقی ملی اور پھر وہ فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے انسپکٹر جنرل بھی رہے۔

سنہ 2018 میں اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل وہ جنوبی وزیرستان میں بطور میجر جنرل فوج کو کمانڈ کر چکے ہیں۔

نیب کے نئے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ اس سے قبل امریکہ میں پاکستان کے ملٹری اتاشی اور دو وزرائے اعظم شوکت عزیز اور یوسف رضا گیلانی کے ملٹری سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا ایوارڈ ’ہلال امتیاز‘ بھی مل چکا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.