عمران خان کو نوٹس دے دیا گیا، گرفتاری کا حکم ہے: آئی جی اسلام آباد

image
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اُن کی پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو بہت زیادہ خراب کر دے گی۔

اتوار کو انہوں نے یہ بیان اُس وقت جاری کیا جب توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے ساتھ اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی۔ 

پولیس کی ٹیم کے زمان پارک سے واپس جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’اسلام آباد پولیس کی ٹیم کا یہاں آنے کا مقصد عدالت سے جاری کیے گئے نوٹس پر دستخط کرانا تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر اصرار کرنا پاکستان میں فسادات کرانے کی کوشش ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’ہم نے لکھ کر دے دیا ہے کہ عمران خان تمام قانونی تقاضے پورے کر رہے ہیں۔ پہلے بھی عدالت نے بلایا اور وہ پیش ہوئے۔‘

انہوں نے الزام لگایا کہ عدالتوں میں بلانے کا مقصد عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرانا ہے۔

قبل ازیں فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سے کام لیں۔‘

انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ زمان پارک پہنچنے کی کال بھی دی۔

لاہور سے اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور میں زمان پارک پہنچی۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

ادھر اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘ 

اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ’ٹیم اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔‘

پولیس حکام کے مطابق عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں۔ ’ایس پی صاحب کمرے میں گئے مگر وہاں عمران خان موجود نہیں۔‘

عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔

لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔

عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

1/2

— Islamabad Police (@ICT_Police) March 5, 2023

اسلام آباد پولیس کے سربراہ اکبر ناصر نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’قانون کی منشا یہی ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ قانونی عمل میں کوئی بھی رکاوٹ ڈالتا ہے تو وہ بھی جرم میں شریک ہو جاتا ہے۔

آئی جی اکبر ناصر خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پولیس نے نوٹس دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی ٹیم عدالتی حکم پر لاہور پہنچی ہے۔

فیصلہ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش نہ ہونے کے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے تحت عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.